بالی ووڈ اداکارہ دیا مرزا نے کہا ہے کہ وہ چاہتی تھیں کہ اُنہیں بھی اپنے والد کی جائیداد کا حصہ ملے لیکن افسوس ساری دولت اُن کے سوتیلے بھائی کے پاس چلی گئی۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق دیا مرزا نے اپنے ایک انٹرویو میں اس بارے میں بات کی کہ وہ کس طرح چاہتی تھیں کہ اُن کے پاس اُن کے والد کا کچھ مال ہوتا لیکن سب اُن کے سوتیلے بھائی کے پاس چلا گیا۔‘
دیا مرزا نے کہا کہ ’میرے والد کا سارا سامان میرے سوتیلے بھائی کے پاس چلا گیا جبکہ کچھ سال پہلے، میرا سوتیلا بھائی میری ماں اور مجھ سے ملنے ممبئی آیا تھا تو وہ ہمارے گھر میں گھومنے لگا اور وہیں دیوار پر اُسے ایک تصویر نظر آئی جوکہ میرے بچپن کی تھی۔‘
اداکارہ نے بتایا کہ ’اس تصویر میں میرے ساتھ میرے والدین موجود تھے اور میں بہت چھوٹی تھی۔‘
اُنہوں نے کہا کہ ’میں نے جب وہ تصویر دیکھی تو مجھے احساس ہوا کہ مجھے اپنے والد کے کسی سامان یا دولت کی ضرورت نہیں کیونکہ میرے پاس اُن کی خوبصورت یادیں ہیں جو سب سے زیادہ قیمتی ہیں۔‘
دیا مرزا نے کہا کہ ’میں 4 سال کی عمر میں اپنے والد سے بہت قریب تھی، وہ میرے ہیرو تھے۔‘
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق سال 2018 میں دیا مرزا نے اپنے والد کے خاندان سے ملنے کے لیے جرمنی کا دورہ کیا تھا۔
واضح رہے کہ دیا مرزا کی والدہ دیپا بنگالی انٹیریئر ڈیزائنر ہیں، وہ اور فرینک اس وقت الگ ہو گئے تھے جب دیا 5 سال کی تھی،اس کے بعد فرینک نے دوسری شادی کی جبکہ دیا کی والدہ نے بھی حیدرآباد کے احمد مرزا سے شادی کی۔