سوئنگ کے سلطان اور سابق لیجنڈری کرکٹر وسیم اکرم کی اہلیہ شنیرا نے آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا فائنل جیتنے پر آسٹریلیا کے لیے خصوصی پیغام جاری کردیا۔
شنیرا اکرم نے مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر جاری کیے گئے پیغام میں کہا کہ ’آسٹریلیا کو بہت بہت مبارک ہو، کیا ناقابلِ یقین جیت ہے۔‘
اُنہوں نے کہا کہ ’ویسے مجھے لگتا ہے کہ آسٹریلیا کی جیت پر پاکستان سے بھی مبارکبادیں آ رہی ہیں۔‘
آخر میں اُنہوں نے کہا کہ ’آسٹریلیا کی جیت پر خوش ہونے کے لیے آپ سب کا شکریہ۔‘
واضح رہے کہ آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2021 میں نیوزی لینڈ کو باآسانی 8 وکٹوں سے شکست دے کر آسٹریلیا پہلی مرتبہ کرکٹ کے مختصر ترین فارمیٹ کا چیمپئن بن گیا۔
پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے نیوزی لینڈ نے آسٹریلیا کو جیت کے لیے 173 رنز کا ہدف دیا تھا۔
ہدف کے تعاقب میں آسٹریلیا کو کپتان ایرون فنچ کی صورت میں پہلا نقصان اٹھانا پڑا، لیکن مچل مارش اور ڈیوڈ وارنر کے درمیان لگی 92 رنز کی شراکت نے میچ کا پانسہ کینگروز کے پلڑے میں کردیا۔