• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

روس اور چین کو یکطرفہ غنڈہ گردی و تاریخ پلٹانے والے اقدامات کی مخالفت کرنی چاہیے: شی جن پنگ

---فوٹو بشکریہ بین الاقوامی میڈیا
---فوٹو بشکریہ بین الاقوامی میڈیا 

چین کے صدر شی جن پنگ کا کہنا ہے کہ روس اور چین کو تمام یک طرفہ غنڈہ گردی اور تاریخ کو پلٹانے والے اقدامات کی مخالفت کرنی چاہیے۔

بیجنگ میں چین اور روس کے صدور نے مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید وسعت دینے اور اسٹریٹجک تعاون بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔

چینی صدر شی جن پنگ نے اس موقع پر کہا کہ روس اور چین کے تعلقات احترام، برابری اور باہمی اعتماد پر مبنی ہیں اور اب یہ ایک نئے مرحلے میں داخل ہو چکے ہیں۔

اُنہوں نے کہا کہ دونوں ممالک ہر سطح پر اسٹریٹجک رابطے اور تبادلے جاری رکھیں گے جبکہ توانائی وسائل، مصنوعی ذہانت اور ٹیکنالوجی جدت میں تعاون کو مزید فروغ دیا جائے گا۔

شی جن پنگ نے زور دیا کہ چین کے 15 ویں سالانہ ترقیاتی منصوبے کو روسی ترقیاتی حکمتِ عملی کے ساتھ ہم آہنگ کیا جائے گا۔

چینی صدر نے کہا کہ روس اور چین کو یک طرفہ غنڈہ گردی اور تاریخ مسخ کرنے کی کوششوں کی مشترکہ مخالفت کرنی چاہیے۔

دوسری جانب روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے چینی صدر کی گرم جوش میزبانی پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ روس اور چین کے تعلقات غیر معمولی سطح پر پہنچ چکے ہیں اور مسلسل ترقی کر رہے ہیں۔

اُنہوں نے کہا کہ دونوں رہنماؤں کے درمیان مذاکرات دوستانہ، تعمیری اور نتیجہ خیز رہے۔

پیوٹن کے مطابق دونوں ممالک کے درمیان تقریباً تمام تجارتی لین دین روسی اور چینی کرنسی میں ہو رہا ہے جبکہ روس چین کو توانائی کی فراہمی جاری رکھنے کے لیے تیار ہے۔ 

ولادیمیر پیوٹن نے قابلِ تجدید توانائی کے مشترکہ منصوبوں میں وسیع امکانات کا بھی ذکر کیا۔

روسی صدر کا یہ بھی کہنا تھا کہ روس اور چین آزاد خارجہ پالیسی پر کاربند ہیں اور عالمی استحکام برقرار رکھنے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید