• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سپریم کورٹ آف پاکستان کے احکامات پر نسلہ ٹاور کو گرانے کا کام شروع کر دیا گیا ہے، جس کی وجہ سے شارع فیصل سے شاہراہِ قائدین جانے والا راستہ بند کر دیا گیا ہے۔

مزدوروں کی مدد سے بالائی منزلوں کو مینوئل طریقے سے گرایا جا رہا ہے، ہیوی مشینری کی مدد سے عمارت کی نیچے کی دیواروں کو گرایا جا رہا ہے۔

روایتی طریقے سے کام شروع کرنے کے لیے مزدور اور مشینری دونوں موجود ہیں۔

اس سے قبل سپریم کورٹ آف پاکستان کے حکم پر عمارت گرانے کا کام تیز کرنے کے لیے کمشنر کراچی محمد اقبال میمن دیگر افسران کے ہمراہ نسلہ ٹاور پہنچے۔

اس موقع پر کمشنر کراچی کے ساتھ اسسٹنٹ کمشنر ریونیو اور ڈی سی ایسٹ بھی موجود تھے۔

کمشنر کراچی اقبال میمن نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نسلہ ٹاور گرانے کا کام شروع کیا گیا تھا، حفاظتی اقدامات نہ ہونے کی وجہ سے کام روکا گیا تھا، سپریم کورٹ کا یہی حکم تھا کہ جان و مال کا نقصان نہ ہو۔

انہوں نے بتایا کہ گیارہویں منزل پر توڑ پھوڑ کا کام جاری ہے، دسویں منزل توڑ دی گئی ہے، سپریم کورٹ نے کہا ہے کہ نسلہ ٹاور گرانے کا کام تیز کیا جائے، اب اس کو اسپیڈ اپ کیا جائے گا تاکہ نسلہ ٹاور کو جلد از جلد گرا دیا جائے۔

کمشنر کراچی نے بتایا کہ نسلہ ٹاور کو اندر سے توڑنے کا کام جاری ہے، اسے باہر سے توڑنے کا کام آج شام شروع کیا جائے گا، جس کے لیے سامان پہنچا دیا گیا ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ نسلہ ٹاور کو روایتی طریقے سے مزدور اور مشین لگا کر توڑا جائے گا، اس طرح بہت جلد نسلہ ٹاور گرا دیا جائے گا۔

کمشنر کراچی محمد اقبال میمن کا یہ بھی کہنا ہے کہ کنفیوژن تھی کہ نسلہ ٹاور کو کنٹرولڈ ڈیٹونیشن سے گرایا جائے لیکن اب کنفیوژن دور ہو گئی ہے، اب اسے روایتی طریقے سے گرایا جا رہا ہے۔

تازہ ترین