• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ڈکیتی اور قتل کے ملزم کو سزائے موت، دوسرے کو عمر قید

راولپنڈی (نمائندہ جنگ) ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج راولپنڈی محمد افضل مجوکا نے ڈکیتی اور قتل کے الزام میں گرفتار ایک ملزم کو سزائے موت دوسرے کو عمر قید پانچ پانچ لاکھ روپے ہرجانہ اور ڈکیتی کے جرم میں سات سات سال قید اور پچاس پچاس ہزار روپے جرمانے کی سزا سنادی ، دو شریک ملزمان کو جرم ثابت نہ ہونے پر بری کر دیا گیا۔ گزشتہ سال 25دسمبر کو کرنل (ر) ظفراللہ خان کی درخواست پر تھانہ روات میں درج کیس کے مطابق ملزمان پڑوس میں زیر تعمیر مکان میں چوکیدار سے زبردستی تاریں چھین رہے تھے چوکیدار کے شور مچانے پر جب باہر نکلا تو ملزمان فرار ہو گئے تاہم انہوں نے مجھ پر سیدھا فائر کیا جو میرے ساتھ موجود 5سالہ نواسے کو لگا جو ہسپتال پہنچ کر دم توڑ گیا۔ روات پولیس نے مقدمہ میں خالد خان سکنہ سوہان، راشد محمود سکنہ گلی گراں، سلیم خان سکنہ سواں کیمپ اور بلال خان سکنہ بنی سراں جاوا روڈ کو گرفتار کیا تھا ۔گزشتہ روز ٹرائل مکمل ہونے پر عدالت نے اول الذکر دونوں ملزمان کو سزائیں سناتے ہوئے دیگر دونوں کو بری کر دیا۔
تازہ ترین