• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

خود غرض اور بزدل آدمی کبھی لیڈرنہیں بن سکتا، وزیر اعظم


وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ جب لیڈر ملک کا پیسہ چوری کرتا ہے تو اس پر اللّٰہ کا عذاب آتا ہے، خود غرض اور بزدل آدمی کبھی لیڈر نہیں بن سکتا، جب کرپشن کو کوئی برائی نہیں سمجھتا تو وہ معاشرہ نہیں چل سکتا۔

جہلم میں القادر یونی ورسٹی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ سیاست میں جتنے لوگ پہلے آئے انہیں کوئی نہیں جانتا تھا، مجھے لوگ سیاست میں آنے سے پہلےسے جانتے ہیں۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ بدقسمتی سےکلونیل ازم کی وجہ سے مسلمان دنیا میں ذہنی غلام ہیں، ہمارے نظامِ تعلیم میں فرق ہماری ترقی میں سب سے بڑی رکاوٹ بنا، سیرت النبیﷺ پر عمل کے بغیر ہم کسی مقام کو حاصل نہیں کرسکتے، اسلام کے خلاف جب بھی کوئی معاملہ ہوتا ہے پاکستان سب سے پہلے کھڑا ہوتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ عظیم قوم بننے کے لیے عظیم کردار چاہیے، سچا اور انصاف کرنے والا ہی بڑا لیڈر بن سکتا ہے، ایماندار شخص بہت سی پابندیوں سے آزاد ہوتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ مغربی کلچر ہماری تباہی کی بڑی وجہ ہے، ہمارا طبقاتی نظام تعلیم و ترقی کی راہ میں رکاوٹ ہے، سوشل میڈیا کو روک نہیں سکتے لیکن بچوں کو اچھے برے کی تمیز سکھا سکتے ہیں ،لوگوں کو عام زبان میں سیرت النبی صلی اللّٰہ علیہ وآلہ وسلم کا پیغام دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کو اس وقت یونیورسٹیوں میں تحقیق کی ضرورت ہے، میں پرائم منسٹر یونیورسٹی بنا رہا ہوں جو دنیا کی اعلیٰ یونیورسٹی ہوگی۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ گزشتہ دنوں سپریم کورٹ کے ججز سے متعلق ایک  سیمینار لاہور میں ہوا، اس سیمینار میں چیف گیسٹ اُسے بلایا گیا جسے اسی سپریم کورٹ نے سزا دی ،جبکہ اسی تقریب میں اعلیٰ عدلیہ کے ججز بھی موجود تھے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمارا سب سے بڑا مسئلہ یہ ہے کہ ہمیں اچھی لیڈرشپ نہیں ملی، حکمران ایسے ہوں کہ جسے اقتدار ملے تو وہ قوم کا سوچے ،اپنے اور اپنے رشتے داروں کے فائدے کا نہیں۔

تازہ ترین