• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

PDM استعفوں اور لانگ مارچ پر تیار، اسٹیئرنگ کمیٹی کی سفارشات مکمل، وقت و تاریخ کا حتمی فیصلہ آج سربراہی اجلاس میں ہوگا

اسلام آباد(نیوز ایجنسیاں )حکومت مخالف اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک مومنٹ (پی ڈی ایم) استعفوں اور لانگ مارچ پر تیار ہو گئی ہے ، اسٹیئرنگ کمیٹی نے لانگ مارچ اور اسمبلیوں سے استعفے دینے سے متعلق سفارشات تیار کرلیں، تاہم وقت اور تاریخ کا حتمی فیصلہ آج سربراہی اجلاس میں ہوگا، استعفوں اور مارچ سے پہلے رائے عامہ ہموار کی جائیگی، چاروں صوبوں میں کنونشن، جلسے ہونگے، جبکہ ان ہائوس تبدیلی اور پی پی پی کو شامل کرنے پر غور کیا گیا۔ اس ضمن میں شاہد خاقان عباسی کی سربراہی میں اسٹیئرنگ کمیٹی کا اجلاس ہوا، مہنگائی، بیروزگاری اور خراب معیشت پر شدید تحفظات کا اظہار کیا گیا اور عالمی مارکیٹ میں پٹرولیم مصنوعات سستی ہونے کے باوجود عوام کو ریلیف نہ دینا حکومتی نا اہلی قرار دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم)کی اسٹیئرنگ کمیٹی نے لانگ مارچ اور اسمبلیوں سے استعفوں پر اتفاق کرتے ہوئے سفارشات تیار کرلیں، لانگ مارچ سے پہلے چاروں صوبوں میں کنونشن اور احتجاجی جلسے کرنے پربھی اتفاق کیا گیا، لانگ مارچ کی تاریخ اور استعفوں کے وقت کا تعین (آج)پیر کو ہونے والے پی ڈی ایم کے سربراہی اجلاس میں کیا جائیگا۔ اتوار کو پی ڈی ایم کی اسٹیئرنگ کمیٹی کا ورچوئل اجلاس سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی زیر صدارت ہوا۔ اجلاس میں اپوزیشن رہنمائوں حافظ حمد،جہانزیب جمالدینی، سکندر شیرپائو، کاشف رندھاوا، میر کبیر احمد نے شرکت کی۔ اجلاس میں لانگ مارچ اور اسمبلیوں سے استعفوں کے آپشن پر غور کیا گیا اور لانگ مارچ اور استعفوں کی حمایت میں سفارشات تیار کیں۔ اپوزیشن اتحاد میں شامل تمام جماعتوں نے اپنی اپنی جماعت کی جانب سے لانگ مارچ اور استعفوں سے متعلق سفارشات اسٹیئرنگ کمیٹی میں پیش کیں۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں لانگ مارچ سے پہلے چاروں صوبوں میں کنونشن اور احتجاجی جلسے کرنے پر اتفاق کرلیا گیا ہے، تاہم لانگ مارچ کب ہوگا اور استعفے کب دینے چاہئیں، وقت اور تاریخ کا تعین پی ڈی ایم کا سربراہی اجلاس کریگا۔اسٹیئرنگ کمیٹی کی سفارشات (آج) پیر کو ہونے والے پی ڈی ایم کے سربراہی اجلاس میں پیش کی جائیں گی، جسکی صدارت مولانا فضل الرحمان کرینگے۔ سربراہی اجلاس اسلام آباد میں ہوگا، مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کریں گے۔

تازہ ترین