سیالکوٹ میں مشتعل ہجوم کے ہاتھوں قتل ہونے والے سری لنکن شہری پریانتھا کمارا کی میّت سری لنکا کے شہر کولمبو روانہ کردی گئی۔
پریانتھا کمارا کی میت کو گزشتہ روز سیالکوٹ سے لاہور لایا گیا جہاں سے آج سری لنکن ائیرلائن کی پرواز یو ایل 186 کے ذریعے اسے کولمبو روانہ کیا گیا۔
پریانتھا کی میت پاکستانی وقت کے مطابق 5 بجے کولمبو پہنچے گی۔
میت کی منتقلی کے لیے سری لنکن سفارتخانے کے اہلکار علی الصباح اسپتال پہنچے تھے۔
ایک اہم میٹنگ کے باعث وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی اسلام آباد روانگی کی وجہ سے ان کی نمائندگی صوبائی وزیر اقلیتی امور اعجازعالم نے کی۔
پریانتھا کمارا سیالکوٹ کی ایک فیکٹری میں بطور منیجر کام کرتے تھے جہاں 3 روز قبل سیکڑوں افراد نے انہیں توہینِ مذہب کے الزام میں تشدد کر کے قتل کرکے لاش جلا دی تھی۔
مشتعل ہجوم کے تشدد کے دوران ایک پاکستانی شہری ملک عدنان ان کو بچانے کی کوشش بھی کرتے رہے۔
گزشتہ روز وزیراعظم عمران خان نے ملک عدنان کو تمغہ شجاعت دینے کا اعلان کیا، جب کہ پنجاب حکومت نے بھی انہیں انسانی حقوق کا ایوارڈ دینے کا اعلان کیا ہے۔