اکثر گھرانوں میں رات کو سونے سے قبل گرم دودھ نوش کیا جاتاہے، جسے پینے کے کچھ دیر بعد ہی بندہ خواب ِخرگوش کے مزے لینے لگتا ہے۔ کہا جاتا ہے کہ شام کے وقت اگر دودھ یا اس سے بنی اسموتھیز پی جائیں تو یہ بہتر نیند اور پٹھوں میں آرام کے ساتھ جسم میں ہونے والی سوزش میں کمی لانے میں مددگار ہوتی ہیں۔
اگر کسی کو رات میں نیند کا مسئلہ درپیش ہے تو وہ دودھ سے بنی اسموتھیز کا تجربہ کرسکتا ہے۔ اس کے علاوہ یہ اسموتھیز صحت سے وابستہ دیگر مسائل میں بھی فائدے مند ثابت ہوتی اور جسم کو تقویت پہنچاتی ہیں۔ ذیل میں کچھ اسموتھیز کے فوائد کا ذکر کیا جارہا ہے، جن کے آجکل سوشل میڈیا پر بھی کافی چرچے ہیں۔
گولڈن ملِک اسموتھی
یہ اسموتھی ہلدی سے تیار کی جاتی ہے۔ ہم سب جانتے ہیں کہ ہلدی کے بے پناہ فوائد ہیں، اسی وجہ سے لوگ عموماً ہلدی ملا دودھ پیتے ہیں کیونکہ یہ صحت کے لیے پاور ہاؤس سمجھا جاتا ہے۔ ہلدی میں سوزش(Inflammation) سے لڑنے کی صلاحیت سے لے کر بے بہا اینٹی آکسیڈنٹس موجود ہوتے ہیں۔ نیند نہ آنے کے مسئلہ کے حل سے لے کر عام آیورویدک نسخوں میں بھی ہلدی کا استعمال بڑے پیمانے پر کیا جاتا ہے۔
ایک تحقیق میں ابتدائی طور پر جب چوہوں پر ہلدی کا استعمال کیا گیا تو پتہ چلاکہ ہلدی آکسیڈنٹس کے نقصان اور نیند کی کمی سے بچا سکتی ہے۔ جسم کو آرام پہنچانے، موڈ کو بہتر بنانے، افسردگی کم کرنے اور ممکنہ طور پر انزائٹی لیول کم کرنے کے لیے اس کو سوتے وقت دودھ میں ملا کر استعمال کریں۔
ریڈ ملک اسموتھی
یہ اسموتھی اسٹرابیری سے تیار کی جاتی ہے۔ آپ نے تازہ اسٹرابیری کا ملک شیک تو لازمی پیا ہوگا لیکن اس سے بنی اسموتھی کم ہی دیکھی ہوگی۔ دراصل ا سٹرابیری ملک اسموتھی کا رحجان کوریا سے آیا ہے، اس کی ریسیپی پر مشتمل ویڈیو نے وائرل ہو کر2ملین سے زائد ویورز کی توجہ حاصل کی۔ اس کے بعد سے کوریا میں بچوں اور بڑوں کا رات سونے سے قبل ریڈ ملک اسموتھی پینا روزانہ کا معمول بن گیا۔
اس کے فوائد کی بات کریں تو اسٹرابیری میں اینٹی آکسیڈنٹس، پوٹاشیم اور ضروری وٹامنز بھرپور مقدار میں پائے جاتے ہیں۔ مثال کے طور پر، اس میں موجود وٹامنB6 نیند سے بیدار ہونے والے سائیکل کو متوازن کرنے اوردماغ کو پُرسکون بنانے والے ہارمون میلاٹونن (Melatonin)کو منظم کرنے کے لیے بہترین ہے۔ ا سٹرابیر ی میں وافر مقدار میں موجود وٹامن سی مجموعی طور پر جِلد کی صحت کو بہتربناتاہے۔ یوں سمجھیں کہ مزیدار اسٹرابیری راتوں رات آپ کےچہرے کی رونق بحال کرسکتی ہے۔
پنک اسموتھی
یہ اسموتھی چیری سے تیار کی جاتی ہے۔ چیریز نہ صرف کھانے میں مزیدار ہوتی ہیں بلکہ یہ ان چند غذائوں میں سے ایک ہیں جن میں قدرتی طور پر میلاٹونن پایا جاتا ہے۔ تحقیق سے پتہ چلا ہے کہ رات سونے سے پہلے چیری کا جوس پینابے خوابی کے شکار بالغ افراد کی نیند کے معیار کو بہتر بنا سکتا ہے۔ ایسا خاص طور پرکھٹی چیری کے جوس کے بارے میں کہا جاتا ہے۔ کھٹی چیری کے جوس میں میلاٹونن اور ٹرپٹوفن (Tryptophan) نامی اجزاء کا ایک خوش کن امتزاج ہوتا ہے۔
یہ ضروری امائنو ایسڈز ہیں، جو جسم کو سکون پہنچانے والے ہارمون سیروٹونن(Serotonin) کی سطح کو بڑھانے میں مدد اور نیند کے دوران سکون پہنچانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ پنک اسموتھی جسم کی سوجن یا سوزش کو کم کرتی، موڈ بہتر بناتی اور انزائٹی میں کمی لاتی ہے۔ اینٹی آکسیڈنٹس سے بھرپور چیر ی کا فائد ہ ورزش کےبعد بھی دیکھا گیا، سب سے اہم یہ کہ اس کے پینےسے طاقت کی بحالی میں بھی مددمل سکتی ہے۔ تحقیق سے پتہ چلتا ہے کہ کھٹی چیری پٹھوں کو پہنچنے والے نقصان کو کم اور طاقت میں کمی کو روک سکتی ہے۔
پرپل اسموتھی
یہ اسموتھی لیونڈر سے تیار کی جاتی ہے۔ چائے سے لے کر اروما تھراپی تک، لیوینڈر کو عموماً آرام دہ نیند اور ذہنی سکون کے حصول کا ذریعہ سمجھا جاتا ہے۔ اسے دودھ میں ملا کر اسموتھی بناکر بھی نوش کیا جاتا ہے۔ لیونڈر کی قدرتی علاج والی خصوصیت آپ کو فائدہ پہنچائےگی اور آپ کی جِلد بھی دمک اٹھے گی۔ پُرسکون نیند کے معاملے میں مطالعے سے پتہ چلتا ہے کہ لیونڈر کی خوشبو سے ذہنی تناؤ میں کمی آتی ہے اور آپ نیند سے بیدار ہوکر زیادہ آرام اور سکون محسوس کرتے ہیں۔ اسی لیے رات سونے سے پہلے لیونڈر اسموتھی آپ کا بہتر انتخاب ہو سکتی ہے۔
وائٹ اسموتھی
یہ اسموتھی کیلے سے تیار کی جاتی ہے۔ کیلےمیں موجود میگنیشیم اور پوٹاشیم پٹھوں یعنی عضلات کیلئے بہت اہم ہیں، اس لیے کیلے سے بنی اسموتھی سے نیند اور بے خوابی پر مثبت اثرات مرتب ہوسکتے ہیں۔ اس سے بھی بڑھ کر کیلے میں نیند کو منظم کرنے والا امینو ایسڈ ٹرپٹوفن بھی ہوتا ہے۔ کیلے میں موجود میگنیشیم قدرتی طور پر پٹھوں کوآرام اور سکون پہنچاتا ہے جبکہ پوٹاشیم ٹانگوں کی بے آرامی کے علاج میں مؤثر ثابت ہوسکتا ہے۔