• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

زیب بنگش کا نیا گانا ’تم ساتھ ہو‘ ریلیز کردیا گیا

فوٹو: سوشل میڈیا
فوٹو: سوشل میڈیا

اپنی سریلی آواز، مخصوص انداز اور خوبصورت کمپوزیشنز کی وجہ سے شہرت رکھنے والی معروف گلوکارہ اور موسیقارہ زیب بنگش نے حال ہی میں اپنا نیا گانا ’تم ساتھ ہو‘ ریلیز کرنے کا اعلان کیا تھا، جو اب ریلیز کر دیا گیا۔

’تم ساتھ ہو‘ گانا 80 کی دہائی کے پاکستانی پاپ میوزک کو شاندار خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے انڈسٹری کے معروف اداکار و گلوکار ہارون شاہد کے ساتھ مل کر بنایا گیا ہے، گزشتہ ہفتے سوشل میڈیا پر ٹیزر کی ریلیز کو دونوں فنکاروں کے مداحوں کی جانب سے توقعات سے بڑھ کر پذیرائی ملی تھی۔

’ تم ساتھ ہو‘ ہارون شاہد کی کمپوزیشن ہے جسے احسن پرویز مہدی نے پروڈیوس کیا ہے اور اس گانے کی میوزک ویڈیو معروف موسیقار اور ویژول آرٹسٹ نعمان جاوید نے شوٹ کی ہے، یہ گانا باس مین کے پلیٹ فارم ’روم فائلز‘ پر اسٹریم کے لیے دستیاب ہے۔

زیب بنگش کا اپنے نئے ویڈیو سے متعلق بات کرتے ہوئے کہنا تھا کہ اس گانے پر ہارون کے ساتھ کام کرنا میرے لیے کافی پُرلطف رہا۔

ان کا کہنا تھا کہ ہارون اور میں بہت زیادہ ایک دوسرے کے ساتھ گھومتے پھرتے نہیں مگر جب بھی ہم ایک ساتھ کسی میوزک پر کام کرتے ہیں تو واقعی جڑ جاتے ہیں اور مجھے ہمیشہ وہ آواز پسند ہے جو آخر میں آتی ہے، پرانی یادوں کے اشاروں کے ساتھ اس گانے میں خاص طور پر نئے دور کی نازیہ اور زوہیب کی آواز ہے۔

ہارون شاہد نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میں روم فائلز کا حصہ بننا چاہتا تھا، میں ہر چیز سے بڑھ کر یہ محسوس کرتا ہوں کہ آزاد نئی موسیقی کے لیے باصلاحیت فنکاروں کی پذیرائی بہت ضروری ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ میں سمجھتا ہوں کہ موسیقاروں کو ایک صنعت کے طور پر ساتھ رہنا چاہیے، کوک اسٹوڈیو میں ’بی بی صنم جانم‘ سے لیکر ’چل دیے‘ اور ’سنبھل سنبھل‘ سے ’ہم تم‘ تک ہم دونوں نے ایک طویل سفر ایک ساتھ طے کیا ہے، جس پر میں کافی پرجوش ہوں۔

زیب بنگش نے انڈسٹری میں اپنے لیے ایک ایسی جگہ بنائی ہے، جو یقیناً منفرد اور مرکزی دھارے میں ہے، ہم نے حال ہی میں انہیں بلاک بسٹر سیریل ’ویمن آف اسٹیل‘ صنفِ آہن میں سنا ہے۔

تازہ ترین