• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پہلا ٹی ٹوئنٹی: پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو 63 رنز سے ہرادیا


پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو تین میچوں کی سیریز کے پہلے ٹی ٹوئنٹی میں باآسانی 63 رنز سے شکست دے دی۔

کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں مہمان ٹیم 201 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 137 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی۔

پاکستانی بولرز کا ویسٹ انڈیز کے بیٹرز کے پاس کوئی جواب نہیں تھا، قومی ٹیم کے فاسٹ اور اسپن ڈپارٹمنٹ نے مہمان ٹیم کو کسی بھی موقع میچ میں آنے ہی نہیں دیا۔

فوٹو: اے ایف پی
فوٹو: اے ایف پی

ویسٹ انڈیز کی جانب سے شائی ہوپ نے 31 جبکہ اوشین اسمتھ نے 24 اور رومین پاول نے 21 رنز کے ساتھ پاکستانی بولرز کے سامنے کچھ مزاحمت کی۔

محمد وسیم 4 جبکہ شاداب خان 3 وکٹیں لے اڑے جبکہ محمد نواز، حارث رؤف اور شاہین شاہ آفریدی کے حصے میں ایک ایک وکٹ آئی۔ 

پاکستان کی بیٹنگ:

اس سے قبل پاکستان نے حیدر علی اور محمد رضوان کی شاندار بیٹنگ پرفارمنسز کی بدولت ویسٹ انڈیز کو جیت کے لیے 201 رنز کا ہدف دے تھا۔ 

ویسٹ انڈیز نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کرنے کی دعوت دی تھی۔

ویسٹ انڈین کپتان کا فیصلہ درست ثابت کرتے ہوئے بولر عقیل حسین نے تجربہ کار بابر اعظم کو صفر پر آؤٹ کردیا۔ 

ایسے میں فخر زمان محمد رضوان کا ساتھ نبھانے کے لیے آئے لیکن وہ 10 رنز بنا کر 35 کے مجموعے پر آؤٹ ہوگئے۔ 

تاہم پھر محمد رضوان اور حیدر علی کے بلے نے رنز اگلنا شروع کیے تو ویسٹ انڈیز کو بیک فٹ پر دھکیل دیا۔ 

دونوں نے 105 رنز کی شاندار پارٹنرشپ بنائی جس کا اختتام 78 رنز بنانے والے محمد رضوان کی وکٹ پر ہوا۔ 

فوٹو: اے ایف پی
فوٹو: اے ایف پی

اس کے بعد ایک طرف سے جہاں وکٹیں گرنا شروع ہوگئیں ایسے میں حیدر علی نے اپنے کیریئر کی بہترین بلے بازی کی جانب پیش قدمی جاری رکھی اور ان کا ساتھ برق رفتار 30 رنز بنانے والے محمد نواز نے دیا۔ 

حیدر علی آخری اوور میں 39 گیندوں پر 68 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوگئے تھے۔ 

پاکستان ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 200 رنز بنائے تھے۔

ویسٹ انڈیز کی جانب سے روماریو شیفرڈ نے 2 جبکہ عقیل حسین، اوشین تھومس، ڈومینک ڈراکیس اور اوڈین اسمتھ نے ایک ایک وکٹ لی۔

پاکستان کا ریکارڈ:

واضح رہے کہ یہ پاکستان ٹیم کی نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں مسلسل پانچویں کامیابی ہے۔ 

رواں سال پاکستان نے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں ایک سال میں سب سے زیادہ ٹی ٹوئنٹی کامیابیوں کا ریکارڈ بھی بنادیا۔

ٹاس: 

کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے اس میچ میں ٹاس کے موقع پر ویسٹ انڈین کپتان نکولس پوران کا کہنا تھا کہ ہم کنڈیشن دیکھنا چاہتے ہیں۔ 

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ہماری ٹیم میں کچھ نوجوان کھلاڑی بھی ہیں، ہم آج کچھ اسپیشل کر سکتے ہیں۔ 

پاکستانی کپتان بابر اعظم کا کہنا تھا کہ پچ دکھنے میں اچھی دکھائی دے رہی ہے، ہم رنز کر سکتے ہیں اور حریف ٹیم پر پریشر ڈال سکتے ہیں۔

انہوں نے پاکستان میں کرکٹ کی واپسی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم اپنے ہوم کراؤڈ کے سامنے اچھی کرکٹ کھیلنے کی کوشش کریں گے۔

پاکستان ٹیم:

پاکستان ٹیم کپتان بابر اعظم، محمد رضوان، فخر زمان، حیدر علی، افتخار احمد، آصف علی، شاداب خان، محمد نواز، محمد وسیم جونیئر، حارث رؤف، شاہین شاہ آفریدی پر مشتمل ہے۔ 

ویسٹ انڈیز ٹیم:

ویسٹ انڈیز کی ٹیم میں نکولس پوران، برینڈن کنگ، شائے ہوپ، شمارا بروکس، ڈیوون تھومس، رومین پاول، اوڈین اسمتھ، ڈومنک ڈراکیس، روماریو شیفرڈ، اکیل حسین اور اوشین تھومس شامل ہیں۔

تازہ ترین