• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان سنگاپور سے بھی آگے جائے گا، حسان خاور

فائل فوٹو
فائل فوٹو

پنجاب حکومت کے ترجمان حسان خاور کا کہنا ہے کہ پاکستان ان شا اللّٰہ سنگاپور سے بھی آگے جائے گا، ہم کفایت شعاری کے ساتھ اصلاحات لا رہے ہیں۔

ترجمان پنجاب حکومت حسان خاور نے لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت عوام کو ان کی دہلیز پر خدمات فراہم کرنا چاہتی ہے، جنوری کی ابتداء میں عوامی خدمت کے 3 ہزار سے زائد مراکز قائم کردیں گے۔

پنجاب حکومت کے ترجمان نے کہا کہ محکمہ مال کے اس منصوبے پر اربوں روپے خرچ نہیں کئے گئے ہیں، ان منصوبوں پر حکومت کے پاس موجود وسائل ہی استعمال کئے گئے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ لوگوں کو محکمہ مال کے مختلف دفاتر میں دھکے کھانے پڑتے تھے، وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی خصوصی ہدایت پر لوگوں کو ایک چھت کے نیچے خدمت فراہم کی جارہی ہے جبکہ پولیس، لوکل گورنمنٹ سسٹم اور دیگر محکموں میں بھی اصلاحات کی جا رہی ہیں۔

حسان خاور نے مزید کہا کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اپوزیشن کو ہر سطح پر ٹف ٹائم دے رہی ہے، اپوزیشن کب تک عوام کو بیوقوف بناتی رہے گی۔

ترجمان پنجاب حکومت کا یہ بھی کہنا تھا کہ اپوزیشن نے پاکستان کو پیسہ بنانے کی مشین بنا رکھا ہے، المیہ یہ رہا کہ ہم اپنی سیاست چمکانے کیلئے قرضے لیتے رہے، کسی نے یہ نہیں سوچا کہ  آنیوالی نسلیں یہ قرضے کیسے واپس کریں گی، پی ٹی آئی حکومت 70 سال کا عذاب کم کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم قوم کو میٹھی گولیوں کی عادت نہیں ڈالنا چاہتے، کسی ڈیل اور ڈھیل کی گنجائش نہیں، ساون کے اندھے کو ہر طرف ہرا دکھائی دیتا ہے، ان کی خواہش ہے کہ ہمارا کوئی اتحادی ٹوٹ جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ بلدیاتی انتخابات اپنے وقت پر ہوں گے، ہم بلدیاتی اداروں کو مکمل اختیارات دے رہے ہیں، بلدیاتی نظام سے متعلق پنجاب اور سندھ کا موازنہ کیا جا سکتا ہے۔

تازہ ترین