اسلام آباد (نمائندہ جنگ)سابق صدر پاکستان اور پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرینز کے صدر آصف علی زرداری نے نئے سال کی آمد پر عوام کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ دعا ہے کہ 2022ءعوام کے لئے خوشیوں اور خوشحالی کا سال ہو۔ایک بیان میں سابق صدر نے کہا کہ عوام کو بھوک اور معاشی بدحالی سے نجات دلوا کر محترمہ بینظیر بھٹو شہید کے خواب کی تعبیر کریں گے۔ جہالت، بیروزگاری، عدم برداشت اور شدت پسندی کے خلاف جدوجہد جاری رکھیں گے،پیپلزپارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں عوام کو مشکلات سے نجات دلوائے گی۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہبازشریف نے نئے سال پر اہل وطن کے لئے دعااور نیک تمناؤں کےپیغام میں کہا ہےکہ یا اللہ آنے والے تمام سال پاکستان اور دنیا کے لئے امن، سلامتی اور خیروبرکت کے سال ہوں نوازشریف کی قیادت میں 2022 ءمیں جناح کا پاکستان بنانے کی فیصلہ کن جدوجہد کا آغاز کریں گے، قوم سے وعدہ کرتے ہیں کہ ان شاءاللہ انہیں معاشی تباہی، مہنگائی اور بے روزگاری سے نجات دلائیں گے 2022 ءمیں قوم کو نئی امید، نیا حوصلہ اور نئی روشن منزل کی نوید دیں گے، بہتری کی طرف لے کر جائیں گے اذیتوں، دکھوں اور مہنگائی کا ایک اور سال تمام ہوا، دعا ہے کہ 2022 اور اس کے بعد آنے والے برسوں میں کشمیر، فلسطین اور مقبوضہ خطوں کے عوام کو آزادی کی نعمت میسرآئے۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا دعا ہے کہ 2022ءعوام کے لئے خوشیوں اور خوشحالی کا سال ہو، خود مختار پاکستان، بااختیار پارلیمنٹ اور خوشحال عوام ہماری منزل ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہر طرح کی دہشت سے پاک معاشرہ شہریوں کا بنیادی حق ہے۔