کراچی( ثاقب صغیر )جعلی ڈرائیونگ لائسنس پر بیرون ملک جانے پر دو مسافروں کو آف لوڈ کر دیا گیا۔ایف آئی اے امیگریشن کے مطابق ایک مسافر ترکی کیلئے رولر آپریٹر جبکہ دوسرا سعودی عرب کیلئے ڈرائیور کی ملازمت پر روانہ ہو رہا تھا۔ دستاویزات کی جانچ پڑتال کے دوران دونوں مسافروں کے ڈرائیونگ لائسنس مشکوک پائے گئے۔تحقیقات میں انکشاف ہوا کہ لائسنس متعلقہ ڈرائیونگ لائسنس اتھارٹی سے بذات خود حاصل نہیں کئے گئے۔مسافروں نے اعتراف کیا کہ ایجنٹس نے بھاری رقوم کے عوض ورک ویزا، پروٹیکٹر کلیئرنس اور جعلی لائسنس فراہم کئے۔ایک ایجنٹ سہیل (راولپنڈی) جبکہ دوسرا ایجنٹ عمران (رحیم یار خان) ملوث پایا گیا۔ملوث اوورسیز ایمپلائمنٹ پروموٹرز کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے ۔دونوں مسافروں کو مزید قانونی کارروائی کیلئے ایف آئی اے اے ایچ ٹی سرکل کراچی کے حوالے کر دیا گیا گیا ہے۔