وزیراعظم عمران خان کے سابق معاون خصوصی زلفی بخاری نے کرکٹر محمد حفیظ کی ریٹائرمنٹ پر کہا کہ اُن میں ابھی ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کرکٹ باقی تھی۔
انہوں نے سوشل میڈیا سائٹ ٹوئٹر پر جاری بیان میں محمد حفیظ کے شاندار کیرئیر کی تعریف کی اور کہا کہ آپ کی تمام غیر معمولی کارکردگی کا شکریہ۔ آپ اپنے وقت کے بہترین کرکٹر تھے۔
زلفی بخاری نے کہا کہ اگرچہ آپ نے ریٹائرمنٹ لے لی مگر مجھے ایسا لگتا ہے کہ آپ کے اندر ابھی کچھ انٹرنیشنل کرکٹ باقی تھی اور قومی ٹیم آپ کے تجربے سے مستفید ہوسکتی تھی۔
انہوں نے محمد حفیظ کے مستقبل کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔
خیال رہے کہ پاکستان کے لیے 55 ٹیسٹ 218 ون ڈے اور 119 ٹی 20 کھیلنے والے آل راؤنڈر محمد حفیظ نے بین الاقوامی کرکٹ سے مکمل طور پر رخصت لینے کا فیصلہ کر لیا۔
سوشل میڈیا پر مداحوں کی جانب سے اپنے پسندیدہ کرکٹر کو خراجِ عقیدت پیش کیا جارہا ہے۔