گوادر (اکبر جندانی / نامہ نگار) صوبائی حکومت ضلع گوادر کے عوام کے بنیادی مسائل کے حل کے لئے لا تعلق ہوچکی ہے، گوادر میں غیر قانونی ٹرالرنگ (فشنگ) کا مسئلہ جوںکا توں ہے ، صوبائی حکومت ٹرالر مافیا کی سرپرستی کر رہی ہے، صوبائی وزراء اور ان کے ہم خیال دوستوں کی گوادر کی قیمتی اراضی پر للچائی نظر ہے، ٹھپہ مافیا کٹھ پتلی حکومت کے ذریعے بلوچستان کے قومی اثاثہ ریکوڈک کو اونے پونے داموں میں فروخت کرنے کی منصوبہ بندی کررہی ہے، گوادر کے نمائندوں کی خاموشی معنی خیز ہے۔ ان خیالات کا اظہار نیشنل پارٹی کے ضلعی صدر فیض نگوری نے نیشنل پارٹی اور بی ایس او (پجار) کے رہنماؤں کے ہمراہ پریس کلب گوادر میں پریس کانفرنس سے خطاب کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ ضلع گوادر میں محکمہ صحت زبوں حالی کاشکار ہے۔ ڈی ایچ کیو اسپتال گوادر سمیت بنیادی مراکز صحت میں علاج و معالجہ کی سہولتیں ناپید ہیں۔