کوئٹہ (خ ن) صوبائی محتسب بلوچستان عوامی شکایات کے ازالے اور انہیں فوری انصاف کی فراہمی میں مصروفِ عمل ہیں لہذا اس حوالے سے صوبائی محتسب کے احکامات کی روشنی میں ضلع دکی کی تحصیل لونی سے تعلق رکھنے والے محمد اکبر کو بطور نائب قاصد محکمہ تعلیم میں تعیناتی کے آرڈرز فراہم کیے گئے، جبکہ ضلع پشین کے سید حجت اللہ کو کیو ڈی اے شالکوٹ ہاؤسنگ اسکیم کے لیے جمع کیا گیا کال ڈیپازٹ ری فنڈ کر دیا گیا ، صوبائی محتسب کے ترجمان کے مطابق مذکورہ بالا شکایت کنندگان نے صوبائی محتسب کو درخواست دی تھی کہ ان کی شکایت کے ازالے کے لیے متعلقہ محکموں سے باز پرس کی جائے، صوبائی محتسب کے احکامات کی روشنی میں ڈپٹی ڈائریکٹر صوبائی محتسب سید عبد الحفیظ نے نوٹس جاری کرتے ہوئے ڈی جی کیو ڈی اے اور ڈی ای او تعلیم دکی سے اس بابت وضاحت طلب کیں، بعد ازاں ڈی ای او تعلیم دکی نے صوبائی محتسب کو تحریری جواب ارسال کرتے ہوئے کہا کہ 06 تا 08 ستمبر 2021 کو ہونے والے سی آر سی کی میٹنگ میں شکایت کنندہ محمد اکبر کو تعیناتی آرڈرز فراہم کرنے کی سفارش کی گئی اور اسی طرح کیو ڈی اے کے ڈائریکٹر اسٹیٹ (کمرشل) نے اپنے تحریری جواب میں صوبائی محتسب کو آگاہ کرتے ہوئے لکھا ہے کہ شکایت کنندہ سید حجت اللہ کو کال ڈیپازٹ ری فنڈ کردیا گیا ہے، اپنی شکایت کے ازالے پر محمد اکبر اور سید حجت اللہ نے بذریعہ خط صوبائی محتسب کا شکریہ ادا کیا۔