کوئٹہ (آن لائن )اسلامی نظریاتی کونسل کے سابق چیئرمین و جے یو آئی پاکستان کے سینئر رہنما مولانا محمد خان شیرانی نے کہاہے کہ ملک میں نوازلیگ کے ساتھ کسی خفیہ مفاہمت کی باتیں بظاہر محض افواہیں ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی میں اپوزیشن لیڈر سندھ حلیم عادل شیخ کی دعوت پر ان کی رہائشگاہ میں ظہرانے کے موقع پر گفتگو میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم پہلے غیر اعلانیہ طور پر استعفوں کے اعلان سے دستبردار ہوئی اور اب حالات کو دیکھ کر لگتاہے کہ وہ کسی لانگ یا شارٹ مارچ کا حقیقی ارادہ بھی نہیں رکھتی اور اِن ہاس تبدیلی کا آپشن سامنے لاکر پی ڈی ایم کسی ان ہاس تبدیلی لانے کی بھی سکت اور عزم نہیں رکھتی اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حلیم عادل شیخ نے اسلامی نظریاتی کونسل کی چیئرمین شپ کے دوران مولانا محمدخان شیرانی کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ملک میں سیاست کو بچوں کا کھیل بنادیا گیاہے، ایسے حالات میں قومی سیاست کو مولانا شیرانی جیسی مدبرانہ قیادت اور رہنمائی کی ضرورت ہے۔ اپوزیشن لیڈر نے اس موقع پر مولانا محمدخان شیرانی اور ان کے ساتھ آنے والے وفد کا ان کی دعوت قبول کرنے کا شکریہ ادا کیا۔ ظہرانے کے موقع پر دیگر جید علما سمیت امین اللہ موسی خیل ، مولانا ضیاالدین، مولانا اسرار احمد موجود تھے ۔