• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ڈرنکس پارٹی میں شرکت، بورس جانسن کو استعفیٰ دینا چاہئے

گلاسگو (طاہر انعام شیخ) اسکاٹش کنزرویٹو پارٹی کے سربراہ ڈگلس رس جو اسکاٹش پارلیمنٹ کے علاوہ برٹش پارلیمنٹ کے بھی رکن ہیں،انہوں نے اور برٹش پارلیمنٹ کے دیگر کئی سینئر بیک بنچرز نے وزیراعظم بورس جانسن سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ لاک ڈائون کے دوران 10 ڈائوننگ اسٹریٹ میں منعقد ہونے والی ڈرنکس پارٹی میں شرکت کا اعتراف کرنے کے بعد استعفیٰ دے دیں۔ بورس جانسن نے اس سلسلہ میں معافی مانگتے ہوئے کہا تھا کہ پارٹی میں شرکت کرتے وقت وہ یقین رکھتے تھے کہ یہ پروگرام دفتری کام کا حصہ ہے، اس سلسلہ میں تفصیلی تحقیقات کے لیے اب ایک سینئر سول سرونٹ سوگری کو مقرر کیا گیا ہے۔ برطانوی کیبنٹ کے کئی سینئر ممبران نے وزیراعظم بورس جانسن کی حمایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ انکوائری رپورٹ کا انتظار کریں۔ ڈگلس رس نے1922کمیٹی جو کنزرویٹو پارٹی میں قیادت کے مقابلوں کی نگرانی کرتی ہے انہیں بھی لکھا ہے کہ ان کو وزیراعظم پر اب کوئی اعتماد نہیں رہا۔ ڈگلس رس پہلے اسکاٹش کنزرویٹو سربراہ ہیں جنہوں نے شدید مخالفت کرتے ہوئے یوکے میں اپنی ہی پارٹی کے لیڈر کو وزیراعظم کے عہدے سے ہٹانے کے لیے مہم چلائی ہے۔ یہ بات قابل ذکر ہے کہ وزیراعظم بورس جانسن اسکاٹ لینڈ میں خاصے غیر مقبول ہیں اور چونکہ کونسل الیکشن نزدیک آرہے ہیں اس لیے ان کی اسکاٹش پارٹی عوام کو یہ بتانا چاہتی ہے کہ وہ بورس جانسن کے اثر و رسوخ سے پاک ہیں۔