• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بارسلونا آتشزدگی واقعہ، جاں بحق افراد کے لواحقین کی قونصل جنرل سے ملاقات

بارسلونا ( شفقت علی رضا )بارسلونا کے علاقے ’’ تیتوآن ‘‘میں آتشزدگی سے جاں بحق پاکستانی خاندان کے لواحقین نے قونصل جنرل بارسلونا مرزا سلمان بابر بیگ سے ملاقات کی ،اس موقع پر دونوں اطراف کے تحفظات پر گفتگو ہوئی ،ملاقات میں طے پایا کہ قونصلیٹ آفس بارسلونا اور لواحقین میتوں کی پاکستان روانگی کیلئے مل کر کام کریں گے ۔ قونصل جنرل بارسلونا نے لواحقین کے وفد کو یقین دلایا کہ ہم انسانی ہمدردی کے تحت کاتالونیا کے گورنر اور صدر جنرلیتات کو اپیل کر چکے ہیں کہ وہ میتوں کو پاکستان روانہ ہونے میں جو رکاوٹیں درپیش ہیں انہیں دور کرنے میں ہماری مدد کریں جب کہ مقامی عدالت میں بھی میتوں کی پاکستان روانگی کے لئے اپیل کر دی گئی ہے ۔ قونصل جنرل نے کہا کہ جب ہم سب ایک پلیٹ فارم پر اکھٹے ہو کر کوئی کام کریں گے تو اللہ تعالیٰ اس کام میں برکت ڈالے گا۔ذرائع کے مطابق لواحقین کے وفد نے قونصل جنرل کی گفتگو اور تعاون پر مکمل اعتمادکا اظہار کیا اور کہاکہ مل کر میتوں کو پاکستان پہنچانے کی کوششوں میں ایک دوسرے کا ساتھ دیں گے ۔ لواحقین کے وفد اور قونصل جنرل کی ملاقات میں لواحقین نے اس بات کا اظہارکیا کہ ہمیں قونصل جنرل کی گفتگو نے بہت متاثر کیا ہے اور جو ابہام پایا جاتا تھا کہ قونصل جنرل ہرکسی سے ملاقات نہیں کرتےآج ہونے والی اس ملاقات میں وہ ابہام بھی ختم ہو گیا ہے۔واضح رہے کہ نومبر میں ہونے والی آتشزدگی میں نصر اقبال، ان کی بیوی اور دو بچے لقمہ اجل بن گئے تھے جن کی میتوں کو مقررہ مدت میں کیمیائی مواد نہ لگائے جانے کی وجہ سے پاکستان جانے سے روک دیا گیا تھا جس پر لواحقین سراپا احتجاج تھے اور اس کا ذمہ دار پاکستانی سرکاری اداروں کو ٹھہرا رہے تھے ، دوسری طرف قونصل جنرل بارسلونا مرزا سلمان بابر مرزا کا کہنا تھا کہ اسپین میں عدالت کے جج کی تبدیلی ، بینک ہالیڈے اور دوسری موسمی چھٹیوں کی وجہ سے یہ تاخیر ہوئی ۔ لواحقین اور قونصلیٹ آفس بارسلونا کے مابین ہونے والی ملاقات سے دونوں اطراف میں پایا جانے والا اضطراب ختم ہو گیا ہے اب قوی امید ہے کہ میتیں جلد پاکستان روانہ ہو جائیں گی ۔ 
یورپ سے سے مزید