واشنگٹن(نیوز ڈیسک)برطانوی خفیہ ایجنسی ایم آئی 5نے انتباہ جاری کیا ہے کہ ایک مبینہ چینی ایجنٹ برطانیہ کی سیاست میں مداخلت کے لیے پارلیمنٹ میں داخل ہوگئی ہے۔بی بی سی کی رپورٹ کے مطابق سیکورٹی سروس کی جانب سے ایک الرٹ میں کہا گیا کہ کرسٹین چنگ کوی لی نے چینی کمیونسٹ پارٹی (سی سی پی) کے موجودہ اور خواہشمند اراکین پارلیمنٹ کے ساتھ ’روابط‘ قائم کیے ہیں۔ایم آئی 5 نے کہا کہ ’ کرسٹین چنگ کوی نے چین اور ہانگ کانگ سے آنے والی فنڈنگ کے ساتھ سیاستدانوں کو عطیہ دیا‘۔ وائٹ ہال کے ذرائع نے بی بی سی کو بتایا کہ ایم آئی 5 کی ’طویل عرصے سے جاری‘ تحقیقات کے بعد معاملہ سامنے آیا ہے۔کرسٹین چنگ کوی لی کی جانب سےدو اراکان اسمبلی کو عطیات بھی دیئے گئے لیکن یہ رقم ان کی مقامی ایسوسی ایشن نے قبول کی۔وزیر داخلہ پریتی پٹیل نے کہا کہ یہ ’انتہائی تشویشناک‘ بات ہے کہ’جان بوجھ کر چینی کمیونسٹ پارٹی کی جانب سے سیاسی مداخلت کی جارہی ہے اور اراکین پارلیمنٹ کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ برطانیہ کے پاس ’غیر ملکی مداخلت کی نشاندہی کرنے‘ کے اقدامات موجود ہیں۔