• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سی ڈی اے‘ پانی پائپ لائنز کی مرمت کیلئے 50کروڑ سے زائد کا بجٹ منظور

اسلام آباد (نیوز رپورٹر) سی ڈی اے کا شعبہ واٹر سپلائی اسلام آباد شہر میں پانی کی کمی کو پورا کرنے کیلئے متعدد اقدامات اٹھا رہا ہے۔ سی ڈی اے انتظامیہ نے پانی لیکجز اور کمزور پائپ لائنز کی مرمت کیلئے 50کروڑ سے زائد کا بجٹ منظور کیا ہے جسے تین ماہ کی قلیل مدت میں مکمل کر لیا جائیگا۔ اس سلسلے میں شعبہ واٹر سپلائی غیر فعال ٹیوب ویلز کو نہ صرف فعال بنا رہا ہے بلکہ پانی کی ایسی تنصیبات جو عرصہ دراز سے استعمال میں نہیں ہیں اُن کو متبادل جگہوں پر نصب کر رہا ہے جس سے پانی کی ترسیل میں بہتری کے ساتھ ساتھ کروڑوں روپے کی بچت بھی کی جا رہی ہے۔ اس ضمن میں پونا فقیراں کے علاقے میں غیر فعال ٹیوب ویل کے پرانے پائپ اور دیگر سپیئر پارٹس کو دوبارہ استعمال میں لاکر مختلف جگہوں پر استعمال کیا جا رہا ہے۔ شعبہ واٹر سپلائی نے سردار خان زمری کی نگرانی میں پونا فقیراں کے مقام سے 5ہزار فٹ سے زیادہ پائپ لائن اسلام آباد کے سیکٹر جی الیون ابن سینا روڈ پر شفٹ کرکے قابل استعمال بنا دیا گیا۔ مذکورہ مقام پر پانی کی لیکجز سمیت دیگر شکایات موصول ہو رہی تھیں جس سے سیکٹر جی ٹین اور جی الیون میں پانی کے کمی کے مسائل سامنے آ رہے تھے۔ غیر استعمال شدہ پائپ لائن کو استعمال میں لانے سے نہ صرف پانی کے پریشر میں اضافہ ہوا ہے بلکہ پانی کو ضیاع ہونے سے بھی بچایا جا سکے گا۔ ان اقدامات سے سی ڈی اے کو ڈیڑھ سے دو کروڑ روپے کی بچت بھی ہو گی اور سیکٹرز میں پانی کی کمی کے دیرینہ مسئلہ پر بھی قابو پایا جا سکے گا۔ چیئرمین سی ڈی اے نے ان اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ شہر میں پانی کی بلاتعطل فراہمی کیلئے اقدامات کو مزید تیز کیا جائے۔ جی ٹین فور ریزروائر میں 10لاکھ گیلن پانی سٹور ہو سکتا ہے‘ یہاں سے جی ٹین ون‘ ٹو‘ فور اور جی نائن ون کو پانی کی سپلائی کی جاتی ہے۔ اس ریزروائر کی صفائی کا کام مکمل کر کے وائٹ واش‘ چونا‘ سفید سیمنٹ کیا گیا اور منوں مٹی اور گارہ نکالا گیا ہے جس سے واٹر سٹوریج کی استعداد بڑھ رہی ہے جبکہ سپلائی لائن کا لیول بھی درست کیا گیا ہے۔ سی ڈی اے انتظامیہ نے شہریوں سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ پانی کے استعمال میں احتیاط برتیں اور پانی کے ضیاع سے اجتناب کریں تاکہ زیادہ سے زیادہ پانی شہریوں کے استعمال میں لایا جاسکے۔
اسلام آباد سے مزید