• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آئی سی سی ٹی 20 ٹیم، قیادت کا تاج ’’بادشاہ‘‘ بابر کے سر، رضوان، شاہین بھی اسکواڈ میں شامل

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) آئی سی سی نے مینز ٹی ٹوئنٹی ٹیم آف دی ایئر میں شامل کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان کر دیا ہے۔ عالمی کرکٹ باڈی نے منتخب ٹیم کی قیادت کا تاج پاکستانی بیٹنگ کے ’’بادشاہ‘‘ اور کپتان بابر اعظم کے سر سجایا ہے۔ سال بھر شاندار پرفارمنس دینے والے محمد رضوان وکٹ کیپر کی حیثیت سے شامل ہیں۔ پاکستان کے شاہین شاہ آفریدی بھی آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ٹیم آف دی ایئرکا حصہ ہیں۔ بھارت سے کوئی بھی کھلاڑی اسکواڈ میں شامل نہیں ہوسکا۔ دیگر کھلاڑیوں میں جوز بٹلر، ایڈن مارکرم، مچل مارش اور ڈیوڈ ملر شامل ہیں۔ اس کے علاوہ تبریز شمسی، جوش ہیزل ووڈ، وانندو ہسارنگا اور مستفیض الرحمان بھی ٹیم کا حصہ ہیں۔ آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ٹیم آف دی ایئر میں کوئی بھی بھارتی کرکٹر شامل نہیں ہے۔ دریں اثناء اعلان کردہ خواتین ٹی 20 سائیڈ آف دی 2021ایئر میں کوئی پاکستانی شامل نہیں ہے۔ انگلینڈ کی 5پلیئرز جگہ کی حقدار قرار پائیں۔ ان میں ٹیمی باوومونٹ، ڈینی ویٹ، نیٹ سیکیور (کپتان)، وکٹ کیپرایمی جونزم سوفی ایلکسٹن کے نام شامل ہیں۔ بھارت کی ایک پلیئر سمریتھ مندھانا کو جگہ ملی ہے۔ آئر لینڈ کی گیبی لیوس ہیں۔ جنوبی افریقا کی مریزانے کیپ، شبنم اسماعیل اور لورا ولورڈٹ، زمبابوے کی لورین فیری شامل ہیں۔ دوسری جانب آئی سی سی نے نئی ٹیسٹ پلیئرز رینکنگ جاری کی ہے ۔ بابر اعظم انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی نئی ٹیسٹ پلیئرز رینکنگ ایک درجے تنزلی سے 9ویں نمبر پر آگئے۔ آسٹریلیا کے ٹریوس ہیڈ کی7 درجے ترقی ہوئی، فاسٹ بولر شاہین آفریدی بھی ٹیسٹ رینکنگ میں پانچویں نمبر پر چلے گئے، نئی ٹیسٹ پلیئرز رینکنگ کے مطابق بیٹسمنوں میں آسٹریلیا کے مارسن لبوشین اور بولرز کی رینکنگ میں پیٹ کمنز کا پہلا نمبر ہے۔ بیٹنگ میں انگلینڈ کے کپتان جو روٹ کا دوسرا جبکہ نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن کا رینکنگ میں تیسرا نمبر ہے۔آسٹریلیا کے اسٹیو اسمتھ چوتھے اور ٹریوس ہیڈ 6 درجے ترقی کے بعد 5ویں نمبر پر آگئے ہیں۔ بولرز میں آسٹریلیا کے پیٹ کمنز پہلے نمبر پر ہیں جبکہ بھارت کے روی چندرن ایشون کا دوسرا نمبر ہے۔ جنوبی افریقا کے کگیسو ربادا تیسرے اور نیوزی لینڈ کے کائل جیمیسن چوتھے نمبر پر ہیں جبکہ پاکستان کے شاہین شاہ آفریدی بولنگ رینکنگ میں پانچویں نمبر پر ہیں۔ پاکستان کے حسن علی کا ٹیسٹ رینکنگ میں 11 واں نمبر ہے۔

اسپورٹس سے مزید