• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ساؤتھ ایشین گیمز التواء کے شکار، 2026 میں بھی انعقاد مشکوک

کراچی (نصر اقبال/ اسٹاف رپورٹر) پاکستان میں ساؤتھ ایشین گیمز ایک بار پھر التواء کے خدشے سے دوچار ہیں، کیونکہ اس حوالے سے تاحال کوئی بڑی پیش رفت سامنے نہیں آ سکی۔ پاکستان کو ان گیمز کی میزبانی 2023 کیلئے دی گئی تھی، تاہم پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کی درخواست پر ایونٹ کو مارچ 2024 تک ملتوی کیا گیا۔ بعد ازاں ساؤتھ ایشین گیمز کے لیے 23 جنوری سے 6 فروری 2026 کی نئی تاریخ مقرر کی گئی، جبکہ لاہور کو مرکزی میزبان اور فیصل آباد، اسلام آباد اور کراچی کو بعض مقابلوں کی میزبانی کے لیے منتخب کیا گیا تھا۔لیکن کئی بین الاقوامی ایونٹس کے سبب مقابلے 2027 تک ٹل سکتے ہیں۔ ذرائع کے مطابق، پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن اور حکومت پاکستان کے ایک پیج پر نہ ہونے کے باعث مقررہ وقت پر گیمز کا انعقاد مشکل دکھائی دیتا ہے۔ پی او اے حکام اس معاملے پر ساؤتھ ایشین گیمز فیڈریشن سے رابطے میں ہیں۔ چند ماہ قبل نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی سربراہی میں قائم کمیٹی کا تاحال کوئی اجلاس نہیں ہو سکا۔ امکان ہے کہ اگلے سال شیڈول ونٹر گیمز، کامن ویلتھ گیمز اور ایشین گیمز سمیت دیگر بین الاقوامی ایونٹس کی وجہ سے ساؤتھ ایشین گیمز 2027 تک ملتوی ہونے کا امکان ہے، تاہم باضابطہ اعلان ہونا باقی ہے۔آخری بار 2019 میں نیپال نے ان گیمز کی میزبانی کی تھی

اسپورٹس سے مزید