کراچی(اسٹاف رپورٹر) پاکستان ایتھلیٹکس فیڈریشن نے حالیہ قومی گیمز میں ایتھلیٹکس کے ریکارڈز کو تسلیم کرنے سے انکار کردیا، قومی گیمز میں پاکستان اولمپکس ایسوسی ایشن نے اپنی نگرانی میں کرائے تھے، فیڈریشن نے اپنے فیصلے سے عالمی فیڈریشن کو بھی آگاہ کردیا ہے جس کے بعد قومی گیمز کے تیز ترین ایتھلیٹ محمد سمیع اللہ اور ٹرپل گولڈ میڈلسٹ فائقہ ریاض کے ریکارڈ پر سوالیہ نشان لگ گیا ہے، فیڈریشن نے 6 سے 8 فروری تک چین میں ایشین انڈور ایتھلیٹکس چیمپئن شپ کیلئے بھی ان کے بجائے شجر عباس اور تامین خان کو قومی دستے میں شامل کیا ہے۔ انجرڈ شجر عباس قومی گیمز میں حصہ نہ لے سکے تھے، ٹیم میں سہیل عامر، محمد اختر اور محمد نعیم بھی شامل ہیں۔ سیکرٹری فیڈریشن شاہ جہاں میر کے مطابق قومی گیمز میں ایتھلیٹکس ایونٹ کو فیڈریشن نے سپر وائز نہیں کیا، نتائج کو تسلیم نہیں کیا جا سکتا۔