• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ٹیسٹ، باکسنگ ڈے، بولنگ ڈے بن گیا، 20 وکٹ گر گئے، پہلے روز ہی تیسری اننگز شروع

کراچی (اسٹاف رپورٹر) آسٹریلیا اور انگلینڈ کے درمیان جاری ایشز سیریز کے باکسنگ ڈے ٹیسٹ میچ کے پہلے روز جمعے کو بولرز کا راج رہا۔ باکسنگ ڈے اصل میں بولنگ ڈے بن گیا، دونوں ٹیموں کے بیٹرز مشکلات کا شکار دکھائی دیے، پہلے دن ہی 20 کھلاڑی پویلین پہنچ گئے۔ افتتاحی روز دنوں کی ٹیموں کی ایک ایک اننگ مکمل ہوگئی اور تیسری اننگز بھی شروع ہوگئی۔ مبصرین کا خیال ہے کہ گذشتہ تین میچز کی شاید یہ ٹیسٹ میچ بھی پانچ دن پورے نہیں کرسکے گا۔ ہوم سائیڈ نے دن کے اختتام پر دوسری اننگز شروع کی، ٹریوس ہیڈ کے ساتھ فاسٹ بولر اسکاٹ بولینڈ اوپننگ کیلئے آئے، انہوں نے چھ گیندوں کا سامنا کیا اور ایک چوکے لگاکر چار رنز کے ساتھ ناٹ آئوٹ واپس لوٹے۔ ایک اوور بعد دن کا کھیل ختم ہوگیا۔ قبل ازیں باکسنگ ڈے ٹیسٹ کے پہلے دن 20 وکٹیں گرنےکانیا ریکارڈ بن گیا، جس نے 1998 کی ایشز سیریز میں قائم 18 وکٹوں کا ریکارڈ توڑ دیا۔ ٹیسٹ کرکٹ میں ایک دن میں سب سے زیادہ وکٹیں گرنے کا عالمی ریکارڈ 1888 کے لارڈز ایشز ٹیسٹ میں 27 وکٹوں کا ہے۔ یہ بھی قابلِ ذکر ہے کہ 1902 کے بعد پہلی مرتبہ آسٹریلیا میں کھیلے جانے والے انگلینڈ اور آسٹریلیا کے ٹیسٹ میچ میں ایک ہی دن میں کم از کم 20 وکٹیں گریں ۔ میلبرن کرکٹ گراؤنڈ پر میچ کے پہلے دن آسٹریلیا کی ٹیم مہمان بولرز کی تباہ کن بولنگ کے سامنے پہلی اننگز میں صرف 152رنز پر ڈھیرہوگئی۔ آسٹریلیا کی جانب سے مائیکل نیسر 35 رنز بناکر نمایاں رہے جبکہ عثمان خواجہ نے 29 رنز بنائے۔ انگلینڈ کے جوش ٹونگ نے 5کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا اور گس ایٹکنسن نے دو وکٹیں لیں۔ انگلینڈ کی ٹیم بھی پہلی اننگز میں کوئی خاطر خواہ کارکردگی نہیں دکھا سکی اور پوری ٹیم 110 رنز پر پویلین لوٹ گئی۔ انگلش ٹیم کی جانب سے ہیری بروک 41 رنز کے ساتھ نمایاں رہے جبکہ گس ایٹکنسن نے 28 رنز بنائے۔ آسٹریلیا کے مائیکل نیسر نے 4 اور اسکاٹ بولینڈ نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔ آسٹریلیا نے دن کے اختتام تک دوسری اننگز میں بغیر کسی نقصان کے 4 رنز بناکر 46 رنز کی مجموعی برتری حاصل کرلی۔ میچ کے پہلے دن زیادہ شائقین کرکٹ کا میچ دیکھنے کا ریکارڈ بن گیا۔ کرکٹ آسٹریلیا کے مطابق آسٹریلیا اور انگلینڈ کے درمیان جاری باکسنگ ڈے ٹیسٹ میچ کے پہلے روز تماشائیوں کے رخ نے 2015 کے ورلڈ کپ فائنل کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ باکسنگ ڈے ٹیسٹ کے پہلے دن 93 ہزار 442 افراد کرکٹ میچ دیکھنے آئے جبکہ 2015کے ورلڈکپ فائنل میں 93ہزار 13 شائقین کرکٹ میچ دیکھنے آئے تھے۔

اسپورٹس سے مزید