کراچی (اسٹاف رپورٹر) حالیہ پریذیڈنٹ کپ ون ڈے ٹورنامنٹ میں نئے اور نوجوان کھلاڑیوں نے غیر معمولی کار کردگی کا مظاہرہ کیا، انہوں نے اپنی پر فار منس سے قومی سلیکٹرز کو بھی متاثر کیا،ان میں شامل حسین، شاہ زیب خان، تیمور خان اور سفیان مقیم قابل ذکر ہیں ۔فائنل میں کے آر ایل نے سرکاری ٹی وی کو 4 وکٹوں سے شکست د ی ۔ ناکام ٹیم کے شامل حسین نے فائنل میں نصف سنچری بنائی، انہوں نےٹورنامنٹ مجموعی طور پر 452 رنز بنائے جس میں 2 سنچریاں اور 3 نصف سنچریاں شامل ہیں۔ فاتح ٹیم کے شاہ زیب خان 4 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 53 رنز اسکور کئے، انہوں نے ٹورنامنٹ میں سب سے زیادہ 485 رنز اسکور کیے جس میں ایک سنچری اور 5 نصف سنچریاں شامل ہیں۔ شاہ زیب خان پلیئر آف دی فائنل اور ٹورنامنٹ کے بہترین بیٹر بھی قرار پائے،کے آر ایل کے سفیان مقیم نے فائنل میں تین وکٹ لئے ، سفیان مقیم نے اس ٹورنامنٹ میں سب سے زیادہ 20 وکٹیں حاصل کیں، وہ ٹورنامنٹ کے بہترین بولر اور محمد تیمور خان بہترین وکٹ کیپر رہے۔ افتخار احمد ( کے آر ایل ) مجموعی طور پر 240رنز اور 14 وکٹوں کے ساتھ ٹورنامنٹ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔