اسلام آباد (طارق بٹ)بلدیاتی انتخابات جیتنے کی تیاری؛ کے پی حکومت کی بڑی بیوروکریٹک تبدلیاں ، تقرریاں اور تبادلے اس دن متعارف کرائے گئے جب الیکشن کمیشن نے انتخابات کا شیڈول جاری کیا۔
تفصیلات کے مطابق جس دن الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے خیبرپختونخوا کے باقی اضلاع میں بلدیاتی انتخابات کا شیڈول جاری کیا، صوبائی حکومت نے بڑے پیمانے پر عہدے داروں کے تبادلے اور تقرریاں متعارف کروائیں جو انتخابی اہلکاروں کے طور پر کام کریں گے۔
وفاقی وزیر مراد سعید کے ضلع سوات میں کسی بھی دوسرے اضلاع سے زیادہ بیوروکریٹک تبدیلیاں دیکھنے میں آئی ہیں جیسا کہ ان کے مقامی عہدیداروں کے پینل کو دیگر جماعتوں کے ساتھ پاکستان مسلم لیگ نواز (پی ایم ایل این) بھی چیلنج کرے گی۔
ای سی پی نے کے پی کے باقی 18 اضلاع میں انتخابات کے دوسرے مرحلے کے لیے جمعرات (20 جنوری) کو انتخابی شیڈول جاری کیا اور ساتھ ہی کے پی اسٹیبلشمنٹ ڈیپارٹمنٹ نے اسسٹنٹ کمشنرز کے تبادلوں اور تعیناتیوں کی ایک بڑی تعداد کا نوٹیفکیشن جاری کردیا جو انتخابات میں ریٹرننگ یا اسسٹنٹ ریٹرننگ آفیسرز کے طور پر کام کرتے ہیں۔
نو روز قبل 11 جنوری کو کے پی انتظامیہ نے ان اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کو تبدیل کر دیا تھا۔ رائے شماری کے قانون کے تحت الیکشن شیڈول کے اعلان کے بعد حکومت کو اہلکاروں کو تبدیل کرنے سے روک دیا جاتا ہے۔ ایسی کسی بھی ردوبدل کے لئے ای سی پی کی پیشگی واضح منظوری ضروری ہے۔