• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اے پی این ایس کی کراچی میں اخبار کے دفتر پر حملے کی شدید مذمت

 کراچی(نیوز ڈیسک)اے پی این ایس نے میڈیا کو ہراساں کر نے کے لئے روزنامہ عبرت کراچی کے دفتر پر حملے کے بزدلانہ واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ اے پی این ایس نے اس امر پر شدید افسوس کا اظہار کیاہے کہ چند شر پسندوں نے کراچی میں روزنامہ عبرت کے دفتر پر حملہ کیا اور املاک کو شدید نقصان پہنچایا۔ حکومت سندھ ایسے تمام عناصر اور افراد کے خلاف فوری کارروائی کرے جو میڈیا کی آزادی کو کچلنا چاہتے ہیںآل پاکستان نیوز پیپرز سوسائٹی کے صدر سرمد علی اور سیکرٹری جنرل محمد اطہر قاضی نے کہا ہے کہ اے پی این ایس اس واقعے کو آزادی صحافت اور لوگوں کے جاننے کے حق پر مذموم حملہ قرارد یتے ہو ئے سختی سے ایسے واقعات کی مذمت کرتی ہے ،جن سے تشدد کے ذریعے میڈیا کو دبانے کی کوشش کی جائے۔ میڈیا کا کام کسی بھی دباؤ کے بغیر خبروں کی ترسیل اور واقعات کی رپورٹنگ کر نا ہے اور میڈیا کو ڈرانے کی تمام ترکوششوں کے باوجود بھی اپنا یہ کام سر انجام دیتا رہے گا۔ اے پی این ایس نے سول سو سائٹی ، انسانی حقوق کی تنظیموں اور جمہوری قوتوں سے اپیل کی ہے کہ وہ میڈیا پر تشدد کے اس واقعے کی مذمت کریں۔ اے پی این ایس نے حکومت سندھ سے بھی پر زور اپیل کی ہے کہ وہ اخباری انتظامیہ اور میڈیا کے لوگوں کو مکمل تحفظ فراہم کر یں اور ایسے تمام عناصر اور افراد کے خلاف فوری کارروائی کریں جو میڈیا کی آزادی کو کچلنا چاہتے ہیں۔
اہم خبریں سے مزید