• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہمایوں عزیز کرد نے مرکزی کونسل سیشن کے اجلاس کا بائیکاٹ کر دیا

کوئٹہ( این این آئی) بلوچستان نیشنل پارٹی کی مرکزی کمیٹی کے رکن سابق وفاقی وزیر میر ہمایوں عزیز کرد نے پارٹی کے تین روزہ مرکزی کونسل سیشن کے پہلے روز کے اجلاس کا بائیکاٹ کرتے ہوئے کہا ہے کہ قیادت نے میرے خدشات اور تحفظات کا جواب دینے سے پہلو تہی کرکے ثابت کیا کہ ان کے پاس اپنے کئے کا جواب نہیں ،جام کمال کو ہٹاکر قدوس بزنجو کو لانے والے پارٹی کے کونسل سیشن میں عہدوں کی تبدیلی کا اپنا شوق بھی پورا کرلیں۔ پارٹی نے صوبے میں حکومتی تبدیلی کیلئے ہونے والے 24 نکاتی معاہدے کا تذکرہ چھیڑ کر لوگوں کو گمراہ کرنے کی کوشش کی۔ یہ بات انہوں نے ایک نشریاتی ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ سابق وفاقی وزیر میر ہمایوں عزیز کرد نے کونسل سیشن کے پہلے روز کے اجلاس میں شرکت نہ کرنے سے متعلق سوال کے جواب میں کہا کہ میں نے پارٹی کے فیصلوں پر اپنے خدشات اور تحفظات کا اظہار کرکے قیادت کو دو مراسلے ارسال کئے تاہم ان مراسلوں کے جوابات دینے کی بجائے مجھے چند سطور کا شوکاز نوٹس جاری کیا گیا جس کا جواب تفصیلاً قیادت کو ارسال کیا اس کے باوجود قیادت نے میرے خدشات اور تحفظات کا جواب دینے سے پہلو تہی کرکے ثابت کیا کہ ان کے پاس اپنے کئے کا کوئی جواب نہیں ہے۔
کوئٹہ سے مزید