برسلز( نمائندہ جنگ ) یورپین یونین کے سفارتی حلقوں نے پاکستان کی سپریم کورٹ میں جسٹس عائشہ ملک کی تقرری پر مسرت کا اظہار کیا ہے۔ اس حوالے سے پاکستان میں موجود تقریباً تمام ہی یورپین سفیروں نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ ٹویٹر پر جسٹس عائشہ ملک کی چیف جسٹس گلزار احمد کے ساتھ حلف اٹھاتے ہوئے تصویر شئیر کی اور اس بات پر مسرت کا اظہار کیا کہ پاکستانی سماج میں خواتین کو فعال کردار ادا کرنے کیلئے جگہ مل رہی ہے۔ یورپین تناظر میں اسی بات کو یورپ میں جنس کی بنیاد پر سماجی برابری یا نابرابری کے عنصر کے طور سمجھا جاتا ہے ، جس کا یورپ دنیا بھر میں ایک طویل عرصے سے علمبردار ہے۔ یاد رہے کہ اس وقت یورپ میں یورپین کمیشن اور یورپین پارلیمنٹ جیسے دونوں کلیدی اداروں کی صدور خواتین ہیں ۔ رسمی بیان بازی کے علاوہ محسوس کیا جا سکتا ہے کہ پاکستانی سپریم کورٹ میں جسٹس عائشہ ملک کی تقرری بھی ملک کی نیک نامی کا سبب بنی ہے۔