• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کشمیری تنظیموں کے زیر اہتمام بھارت کے یوم جمہوریہ پراحتجاجی ریلیاں

لاہور(سپیشل رپورٹر)بھارت کی جمہوریت دنیا کا سب سے بڑا فراڈ ہے۔ نام نہاد جمہوریت کا لبادہ اوڑھے وہ دنیا کو گمراہ کرنے کی کوششوں میں مصروف ہے۔دوکروڑ کے لگ بھگ کشمیری عوام پون صدی سے حق خودارادیت کی جدوجہد میں مصروف ہیں لیکن بھارت انھیں ان کا پیدائشی جمہوری حق دینے پر تیار نہیں۔ ان خیالات کا اظہار بھارت کے یوم جمہوریہ کو یوم سیاہ کے طور پر مناتے ہوئے جموں وکشمیرلبریشن سیل ریسرچ ونگ لاہور کے زیراہتمام لاہور، گوجرانوالہ اور شکرگڑھ میں احتجاجی ریلیوں سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کیا۔ لاہورمیں ادارہ تعلیمات مجددیہ شادمان سے پلاٹ کشمیرسنٹر واقع جیل روڈ تک احتجاجی ریلی نکالی گئی جس کی قیادت انچارج ریسرچ ونگ سردار ساجد محمود نے کی، مظاہرین نے بازوؤں پر سیاہ پٹیاں باندھ رکھی تھیں اور سیاہ جھنڈے اورپلے کارڈ زاٹھارکھے تھے جن پر جموں وکشمیر پر بھارت کے غاصبانہ قبضے، ظلم وجبر اور انسانی حقوق کی پامالیوں کے خلاف نعرے درج تھے۔