لاہور(اپنے نامہ نگار سے)گورنر پنجاب نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور ن لیگ دو مختلف جماعتیں ہیں اور دونوں کے منشور بھی علیحدہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور ن لیگ اس وقت اتحادی جماعت ہے اور پنجاب کی ترقی اور خوشحالی پر ایک پیج پر ہے۔ گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان ممبر صوبائی اسمبلی مرحوم عرفان شفیع کھوکھر کی رہائش گاہ کھوکھر پیلس گئے۔ گورنر پنجاب نے مرحوم عرفان شفیع کھوکھر کے ایصال ثواب کے لئے فاتحہ خوانی کی اور بلند درجات کے لئے دعا کی۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ عرفان شفیع کھوکھر نے ہمیشہ اصولوں کی سیاست کی ہے۔انہوں نے کہا کہ مرحوم کی ملکی استحکام اور جمہوریت کے تسلسل کے لئے خدمات قابل تعریف ہیں۔ اس موقع پرصوبائی وزیر کھیل فیصل ایوب کھوکھر اور مسلم لیگ ن لاہور کے صدر سیف الملوک کھوکھر بھی موجود تھے۔