• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

انسداد منشیات ایکٹ کے تحت سزاؤں کا عمل تیز ، سمگلر کو عمر قید کی سزا

پشاور(جنگ نیوز)ڈائریکٹر جنرل ایکسائز ،ٹیکسشن اینڈ نارکوٹکس کنٹرول خیبرپختونخوا محمود اسلم وزیر نے کہا ہے کہ منشیات سمگلروں کو سزائیں مل رہی ہیں، جس سے صوبے میں منشیات کا اور منشیات فروشوں کا خاتمہ ممکن ہوسکے گا۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ ایکسائز کے حالیہ ترقی پانے والے فیلڈ افسران منشیات کے خاتمے کے لئے بھرپور کارروائیاں جاری رکھے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے حالیہ ترقی پانے والے افسران کے لئے منعقدہ اعزازی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے حالیہ منشیات سمگلنگ کیس میں ملزم کو سزا کے حوالے سے بھی بات کی اور کہا کہ منشیات فروشوں کو سخت سے سخت قانونی سزائیں دینے سے صوبے میں منشیات کا خاتمہ یقینی ہو سکے گا، منشیات کا خاتمہ اولین ترجیح ہے۔ یاد رہے کہ منشیات سمگلنگ کیس میں ملزم وقار ولد امانت علی ساکن تحصیل شکر گڑھ ضلع نارووال کو پانچ لاکھ روپے جرمانے سمیت عمر قید کی سزا سنائی ہے۔ ملزم وقار کو تھانہ ایکسائز مردان ریجن نے 18 ستمبر 2020 کو چارسدہ انٹرچینج پر گرفتار کیا تھا جبکہ ملزم کی گاڑی سے تقریباً ساڑھے 17 کلوگرام افیون برآمد کی گئی تھی۔ محکمہ ایکسائز نے ملزم وقار کے خلاف تھانہ ایکسائز مردان ریجن میں دفع 9D/CNSA 2019 کے تحت مقدمہ درج کیا تھا، جس پر چارسدہ کے ضلعی عدلیہ میں ٹرائل چل رہا تھا۔ مقدمے کا ٹرائل ہونے کے بعد ایڈیشنل سیشن جج چارسدہ نے ملزم وقار کو عمر قید اور پانچ لاکھ کی سزا سنا دی گئی۔
پشاور سے مزید