• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نواز شریف کی ویڈیو4،5 ماہ پرانی، اب کیوں سامنے آئی؟حسین نواز

کراچی (ٹی وی رپورٹ)جیو کے پروگرام ”آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ“ میں گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیراعظم کے صاحبزادے حسین نواز نے کہا ہے کہ نواز شریف کی ویڈیو4،5 ماہ پرانی، اب کیوں سامنے آئی؟ نواز شریف کی صحت پر کوئی کمپرومائز نہیں ہوگا، پاکستان میں اُن کی طبیعت کیوں بگڑی تھی؟ حسین نواز نے کہا کہ حکومت نے نواز شریف کی طبیعت کا جائزہ لینے کے لیے لندن میں کسی سے رابطہ نہیں کیا۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف کی جو ویڈیو سامنے آئی ہے وہ 4 ، 5 ماہ پرانی ہے، حکومت اس سے پہلے یہ ویڈیو سامنے کیوں نہیں لے کر آئی؟حسین نواز کا کہنا تھا کہ میں نواز شریف کو 2 گھنٹے کے لیے اُن کے جاننے والے شخص کے گھر ماحول کی تبدیلی کے لیے لےکر گیا تھا، وہ شخص انہیں فیکٹری میں لے گیا۔انہوں نے استفسار کیا کہ نواز شریف کا کسی دوسرے کی فیکٹری میں جانا کوئی گناہ ہے؟ اس معاملے کا پاکستان آنے سے کیا تعلق ہے؟حسین نواز نے یہ بھی کہا کہ لندن میں کورونا ایس او پیز کی وجہ سے فیکٹریوں میں ملازمین کم ہوتے ہیں، ایسا ہی وہاں بھی تھا جہاں نواز شریف گئے تھے۔

سابق وزیراعظم کے صاحبزادے نے مزید استفسار کیا کہ کیا کسی نے جاننے کی کوشش کی کہ نواز شریف کی پاکستان میں طبیعت کیوں بگڑی تھی؟اُن کا کہنا تھا کہ نواز شریف کی طبیعت کچھ بہتر ہونے میں مہینوں لگے تھے، حکومت نے نواز شریف کی طبیعت کا پتہ کرنے لندن میں کسی سے رابطہ نہیں کیا۔

حسین نواز نے کہا کہ سابق وزیراعظم کا علاج معالجہ چل رہا ہے، ابھی بھی برطانیہ میں کورونا بہت زیادہ ہے، ابھی نواز شریف کا علاج ہونا باقی ہے، ابھی علاج مکمل نہیں ہوا۔انہوں نے کہا کہ نواز شریف کا علاج اس وقت ختم ہوگا جب ڈاکٹرز سمجھیں گے، جس ڈاکٹر نے رائے بھیجی ہے اس کی بہت اچھی ساکھ ہے، ڈاکٹر کی رائے کے بعد رپورٹ بھیجنے کی ضرورت نہیں۔

پروگرام میں وزیراطلاعات سندھ سعید غنی،امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمٰن اور ایم کیوایم کے رہنما خواجہ اظہار الحسن نے بھی اظہار خیال کیا۔وزیراطلاعات سندھ سعید غنی نے کہا کہ کوئی سیاسی جماعت احتجاج کرنا چاہتی ہے تو یہ ان کا حق ہے ،امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ سپریم کورٹ کافیصلہ2013ء کے بلدیاتی قانون کے حوالے سے ہے، جماعت اسلامی نے 2021ء کے بلدیاتی ایکٹ کے بعد اپنی تحریک منظم کی، ہمارا مطالبہ تھا کہ تعلیم اور صحت کے ادارے فوری طور پر بلدیاتی حکومتوں کو واپس کیے جائیں، شہر کے تمام ادارے میئر کے ماتحت ہونے چاہئیں.

 2013ء میں بلدیاتی قانون آیا توا یم کیوا یم اس وقت حکومت کی اتحادی تھی، ایم کیو ایم نے کبھی کراچی میں اس قانون کیخلاف کوئی ہڑتال نہیں کی،ایم کیوایم کے رہنما خواجہ اظہار الحسن نے کہا کہ کراچی میں جماعت اسلامی کا پچھلے پینتیس سال میں کوئی یوسی چیئرمین بھی نہیں بنا ہے، ایم کیو ایم لبرل پروگریسو جماعت ہے جو کراچی کولبرل شہر بنانا چاہتی ہے، جماعت اسلامی نے پچھلے چار سال نظام کی نہیں صرف میئر کراچی وسیم اختر کی مخالفت کی، جماعت اسلامی کی مہم کراچی کی محبت میں نہیں ایم کیوا یم کے بغض میں بدنیتی پر چلائی گئی۔

شاہزیب خانزادہ کے سوال حسین نواز صاحب کل میڈیکل رپورٹ جمع کروائی گئی ہے کہ نواز شریف سفر نہیں کرسکتے، ان کی صحت اجازت نہیں دیتی، اب یہ ویڈیو عوام کے سامنے موجود ہے، نواز شریف لندن سے چار سو کلومیٹر دور سفر کر کے جاتے ہیں ایک فیکٹری میں ہیں، وہ یہ سب کچھ کرسکتے ہیں تو پاکستان واپس کیوں نہیں آسکتے؟

حسین نوازنے جواب میں کہا کہ آپ کسی ویڈیو کی بات نہیں کررہے، یہاں ایک ایسی حکومت جو اپنی نالائقی سے توجہ ہٹانے کیلئے مختلف حقائق کو مختلف رنگ دے کر پیش کررہی ہے آپ اس کی بات کررہے ہیں، یہ کوئی آج کل کی ویڈیو نہیں ہے جو آج سامنے لے کر آرہے ہیں، یہ چار سے پانچ ماہ پرانی فوٹیج ہے۔

اہم خبریں سے مزید