• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

’یوگا‘ سے ذہنی اور جسمانی صحت میں بہتری

یوگا سنسکرت زبان کے لفظ ’یوگ‘ سے ماخوذ ہے اور اسے جسمانی اور روحانی نظم و ضبط سمجھا جاتا ہے۔ قدیم ادوار سے ذہنی و جسمانی صحت کے لیے یوگا کی مشقیں کی جاتی رہی ہیں، جن میں ارتکازِ توجہ کے لیے غور و فکر، مراقبہ اور سانس کی مشقیں شامل ہیں۔ ان سے دماغ پرسکون ہوتا اور تناؤ کم کرنے میں مدد ملتی ہے۔ یوگا کرنے سے ذہنی اور جسمانی صحت کو حاصل ہونے والے بہت سارے فوائد کو سائنس بھی تسلیم کرتی ہے۔

ذہنی دباؤ میں کمی

یوگا ذہنی دباؤ کم کرنے اوردماغ کو پرسکون رکھنے کی حیرت انگیز صلاحیت کا حامل ہے۔ متعدد مطالعات سے یہ ظاہر ہوا ہے کہ 10 ہفتے یوگا کرنے سے پرائمری اسٹریس ہارمون کورٹیسول کی رطوبت میں کمی ہوجاتی ہے ،جس سےتناؤ اور اضطراب ختم ہوکر معیار زندگی اور دماغی صحت میں بہتری آتی ہے۔

بےچینی دور ہونا

بے چینی، اضطراب اور خوف کے احساسات سے نمٹنے کے لیے یوگا کی مشقیں جادوئی تاثیر رکھتی ہیں۔ خواتین پر کیے گئے ایک مطالعے میں ایک ہفتہ یوگا کرنے والی خواتین کی بے چینی اور اضطراب میں نمایاں کمی دیکھی گئی۔ ہر چند پوری طرح سے واضح نہیں ہے کہ یوگا کس طرح اضطراب کی علامات کم کرنے کے قابل ہے، تاہم امن کا احساس تلاش کرنے میں یوگا کی مشقوں سےپریشانی کی علامات میں واضح کمی دیکھی گئی۔

سوزش میں کمی آنا

سوزش ایک عام مدافعتی ردعمل ہے۔ دائمی سوزش دل کی بیماری ، ذیابطیس اور کینسرکا موجب بن سکتی ہے۔ ایک مطالعے کے مطابق چھاتی کے کینسر سے بچ جانے والی خواتین میں 12 ہفتوں تک یوگا کرنے سے سوزش کی علامات میں کمی آئی۔ ان نتائج سے ظاہر ہوتا ہے کہ یوگا دائمی سوزش کی وجہ سے ہونے والی کچھ بیماریوں سے بچانے میں معاون ہوسکتا ہے۔

دل کی صحت بہتر ہونا

جسم میں خون کو پمپ کرنے اور اہم غذائی اجزاء کی بافتوں میں فراہمی کے لیے دل کی مجموعی صحت ضروری ہے۔ مطالعات سے پتہ چلتا ہے کہ یوگا دل کی صحت بہتر بنانے اورامراضِ قلب کے کئی خطرناک عوامل کم کرنے میں مددگار ثابت ہوتا ہے۔ 

ایک تحقیق میں 40سال سے زائد عمر کے شرکاء جو پانچ سال سے یوگا کرتے تھے، ان میں بلڈ پریشر اور نبض کی شرح کم پائی گئی۔ ہائی بلڈ پریشر دل کی پریشانیوں کی ایک بڑی وجہ ہےجو دل کے دورے اور فالج پر منتج ہوتا ہے، تاہم یوگا اسے کنٹرول کرنے میں کافی تاثیر رکھتا ہے۔ صحت مند طرزِ زندگی میں یوگا کو معمول بنانے سے امراض قلب میں مبتلا ہونے سے بچا جاسکتا ہے۔

معیارِ زندگی بہتر بننا

بہت سے افراد کے معیار زندگی کو بہتر بنانے کے لیے یوگا ایک عام طریقہ علاج ہے۔ ایک تحقیق میں عمر رسیدہ افراد کے یوگا کرنے سے ان کے معیارِ زندگی، مزاج اور تھکاوٹ میں نمایاں طور پر بہتری آئی جبکہ ایک اور تحقیق میں چھاتی کے کینسر میں مبتلا خواتین جو کیمو تھراپی کے عمل سے گزر رہی تھیں، ان میں یوگا کی وجہ سے کیموتھراپی کی متلی اور الٹی جیسی علامات میں کمی واقع ہوئی۔ 

دوسرے مطالعات سے پتہ چلا ہے کہ یوگا نیند کے معیار کو بہتر بنانے ، روحانی تندرستی کو بڑھانے ، معاشرتی افعال کو بہتر بنانے اور کینسر کے مریضوں میں اضطراب اور افسردگی کی علامات کو کم کرنے میں مددگار ثابت ہوسکتا ہے۔

افسردگی کا مقابلہ

کچھ مطالعات سے پتہ چلتا ہے کہ یوگاکے ذریعے افسردگی کی علامات کم کرنے میں مدد مل سکتی ہے۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ یوگا کورٹیسول کی سطح کم کرتا ہے۔ یہ ایک ایسا اسٹریس ہارمون ہے جو سیرٹونن کی سطح کم کرکے ڈپریشن کو ختم کرتا ہے۔ دیگر مطالعات میں بھی اسی طرح کے نتائج برآمد ہوئے ، جو یوگا کی مشق کرنے اور افسردگی کی علامتوں میں کمی کے درمیان وابستگی ظاہر کرتے ہیں۔ ان نتائج کی بنیاد پر یوگا تنہائی یا افسردگی سے لڑنے میں مدد کر سکتا ہے۔

دائمی درد کم کرنا

دائمی درد ایک مستقل مسئلہ ہے جو لاکھوں افراد کو متاثر کرتا ہے۔ یوگا کرنے سے کئی قسم کے دائمی درد کم کرنے میں مدد مل سکتی ہے۔ ایک مطالعے سے معلوم ہوا ہے کہ کارپل ٹنل سنڈروم اور اوسٹیو ارتھرائٹس کے مریضوں میں درد کم کرنے اور جسمانی افعال کو بہتر بنانے میں یوگا نے اہم کردار ادا کیا۔

نیند کے معیار میں بہتری

ناقص نیند دیگر امراض کے علاوہ موٹاپا ، ہائی بلڈ پریشر اور افسردگی سے منسلک ہوتی ہے۔ مطالعات سے پتہ چلتا ہے کہ یوگا کو اپنے معمولات میں شامل کرنا بہتر نیند کو فروغ دینے میں معاون ثابت ہوسکتا ہے۔ یوگا نیند اور جاگنے کو منظم کرنے والے ہارمون میلاٹونن کی افزائش کرکے نیند کے لیے کارگر بنتا ہے۔ اضطراب ، افسردگی ، دائمی درد اور تناؤ پر بھی یوگا کا نمایاں اثر پڑتا ہے ۔

لچک اور توازن کو بہتر بنانا

لچک اور توازن کو بہتر بنانے کے لیے بہت سے لوگ اپنی فٹنس روٹین میں یوگا کا اضافہ کرتے ہیں۔ تحقیق سے یہ بات ثابت ہوچکی ہے کہ یوگا کے مختلف آسن جسم میں لچک اور توازن بہتر بناتے ہیں۔ یوگا سے خواتین و حضرات میں توازن اور نقل و حرکت کو بہتر بنانے میں مدد مل سکتی ہے۔ ہر دن صرف 15سے30 منٹ یوگا کی مشق لچک اور توازن میں اضافہ کرکے کارکردگی بڑھانے میں سودمند ثابت ہوتی ہے۔

صحت سے مزید