• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بلوچستان میں فوج کا کلیئرنس آپریشن، 3 دہشت گرد ہلاک، ISPR

راولپنڈی (این این آئی)بلوچستان کے علاقے پنجگور میں حالیہ دہشت گردی کیخلاف سیکورٹی فورسز کےکلیئرنس آپریشن میں 3 دہشت گرد مارے گئے ،پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق دہشت گردوں نے عارضی ٹھکانے میں پناہ لے رکھی تھی، ہلاک دہشت گردوں میں 2 ہائی ویلیو ٹارگٹس تھے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق سیکورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانے کو خفیہ معلومات کی بنیاد پر گھیرے میں لیا اور فائرنگ کے شدید تبادلے میں خفیہ ٹھکانے میں چھپے 3 دہشت گرد مارے گئے۔انہوں نے بتایا کہ ہلاک ہونے والوں میں دہشت گرد کمانڈر سمیر عرف بہار، الطاف عرف لالک اور پہلان بلوچ شامل ہیں اور ہلاک دہشت گرد ہوشاب میں دہشت گردی کی کارروائیوں میں ملوث تھے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک دہشت گرد بلوچستان بھر میں دہشت گردی کی کارروائیوں میں بھی ملوث تھے اور ان کے خفیہ ٹھکانے سے اسلحہ و بارود بھی برآمد کیا گیا ہے۔ دریں اثناء چمن میں لیویز فورس کی لیول کراس چیک پوسٹ کےقریب دھماکے میں دو لیویز اہلکاروں سمیت چھ افراد زخمی ہوگئے، ڈپٹی کمشنر اور ڈی پی او نے تحقیقاتی ٹیم کیساتھ جائے وقوع سے شواہد اکھٹے کیے، شہر میں ہائی الرٹ کردیا گیا ۔

 وزیراعلی بلوچستان نے واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے زخمیوں کو ہر قسم کا علاج معالجہ فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔ وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے لیویز چیک پوسٹ پر بم حملے کی مذمت کرتے ہوئے علاقے کی سکیورٹی کو مزید موثر بنانے کی ہدایت کی ہے وزیراعلی نے حملے کے نتیجے میں اہلکاروں اور شہری کے زخمی ہونے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردوں نے چمن جیسے تجارتی شہر کو اپنا نشانہ بنایا۔

صوبائی مشیر داخلہ و قبائلی امور میر ضیاء اللہ لانگو نے اپنے بیان میں کہا ہئے کہ دہشت گرد اس قسم کے بزدلانا حملے کر کے صوبے کے امن کو خراب کرنے کی ناکام کوشش کر رہے ہیں نہتے اور معصومعوام پر اس قسم کے بزدلانا حملے کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔

اہم خبریں سے مزید