کراچی (اسٹاف رپورٹر) کرکٹ آسٹریلیا نے بورڈ میٹنگ کے بعد دورہ پاکستان کی باضابطہ تصدیق کر دی ہے۔ آسٹریلین ٹیم 1998کے بعد پہلی مرتبہ پاکستان کا دورہ کررہی ہے۔ چیف ایگزیکٹیو نک ہاکلے کا کہنا ہے کہ پی سی بی اور دونوں ممالک کی حکومتوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں کہ دورے کو یقینی بنایا گیا ہے ۔ یہ تاریخی لمحہ ہے۔ دورہ کھیل کی ترقی اور اس کی مضبوطی کے لئے اہم ہے۔ کرکٹ آسٹریلیا نے اعلان کیا ہے کہ آسٹریلوی ٹیم1994 کے بعد اس ماہ کی 27تاریخ سے پاکستان کا دورہ شروع کرے گی۔ جمعے کو پی سی بی دورے کے نئے شیڈول کا اعلان کیا ہے۔ دورہ اب کراچی کے بجائے پنڈی سے شروع ہوگا اور پنڈی ہی میں ختم ہوگا۔ آسٹریلوی ٹیم 4سے 8 مارچ تک راولپنڈی میں پہلا ٹیسٹ میچ کھیلے گی ۔چاروں وائٹ بال میچز لاہور کی بجائے راولپنڈی میں کھیلے جائیں گے۔ کینگروز 5 مارچ کو راولپنڈی میں آخری ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کھیل کر وطن لوٹ جائینگے۔ دوسرا ٹیسٹ 12 سے 16 مارچ تک کراچی اور تیسرا 21 سے 25 مارچ تک لاہور میں کھیلا جائے گا۔ مقامات میں تبدیلی یوم پاکستان کی ریہرسل اور لاجسٹک وسائل کو پیش نظر رکھتے ہوئے کی گئی ہے۔ دونوں بورڈز نے اتفاق کیا ہے کہ مہمان ٹیم بذریعہ چارٹرڈ پرواز اسلام آباد پہنچے گی، آئسولیشن مکمل کرنے کے بعد انہیں ٹریننگ کی اجازت ہوگی۔ تینوں ٹیسٹ میچز آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ اور تمام ون ڈے مینز کرکٹ ورلڈکپ سپر لیگ کا حصہ ہیں۔