• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیراعظم عمران خان کا دورہ چین، چین کے ساتھ صنعتی تعاون فریم ورک معاہدے پر دستخط

بیجنگ(اے پی پی)وزیراعظم عمران خان کے دورہ چین کے دوران سرمایہ کاری بورڈ (بی او آئی)، پاکستان، اور نیشنل ڈویلپمنٹ اینڈ ریفارم کمیشن (این ڈی آر سی)، چین نے جمعہ کو سی پیک کے تحت صنعتی تعاون سے متعلق فریم ورک معاہدے پر دستخط کئے ہیں۔

وزیراعظم نے جمعہ کو بیجنگ میں چیئرمین این ڈی آر سی ہی لیفنگ سے ون ٹو ون ملاقات کی جس میں سی پیک منصوبوں کی پیشرفت پر غور کیا گیا جس کے بعد صنعتی فریم ورک معاہدے پر دستخط کی تقریب ہوئی۔دریں اثناء عمران خان نے دیگر عالمی رہنمائوں کے ہمراہ بیجنگ سرمائی اولمپکس 2022ء کی رنگا رنگ افتتاحی تقریب میں شرکت کی۔ عمران خان اور ان کے وفد نے اپنی نشستوں سے کھڑے ہو کر اسٹیڈیم میں موجود دیگر تماشائیوں کے ہمراہ پاکستانی دستے کا خیرمقدم کیا۔

علاوہ ازیں عمران خان نے چینی کارپوریٹ رہنمائوں کو سرمایہ کاری کیلئے سازگار ماحول پیدا کرنے کے حکومتی اقدامات سے آگاہ کرتے ہوئے سی پیک خصوصی اقتصادی زونز میں سرمایہ کاری کیلئے کاروبار دوست پالیسیوں سے فائدہ اٹھانے کی ترغیب دی ہے۔

جمعہ کوجاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے بیجنگ میں چین کی سرکردہ سرکاری و نجی کمپنیوں کے رہنمائوں سے ملاقات کی۔ کارپوریٹ رہنمائوں نے دھاتوں اور کاغذ کی ری سائیکلنگ، توانائی، ٹیکسٹائل، فائبر آپٹکس نیٹ ورکس، ہائوسنگ، ڈیری اور واٹر مینجمنٹ سے متعلق منصوبوں میں پاکستان میں سرمایہ کاری بڑھانے میں گہری دلچسپی ظاہر کی۔

مزیدبرآں عمران خان نے کہا ہے کہ چین اور پاکستان آزمودہ دوست ہیں، پاکستان اور چین کے تعاون پر مبنی تزویراتی شراکت داری ہر آزمائش پر پورا اتری ہے،سی پیک سےدونوں ملکوں کے عوام مستفید ہو رہےہیں، سی پیک کے جلد مکمل ہونے والے منصوبوں سے پاکستانی معیشت پر مثبت اثرات مرتب ہوئے ہیں۔

اہم خبریں سے مزید