• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

IMF سے 1.05 ارب ڈالر کی چھٹی قسط موصول، روپے کی قدر میں مسلسل اضافہ

اسلام آباد (اے پی پی، ٹی وی رپورٹ) اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے کہا ہے کہ پاکستان کیلئے بین الاقوامی مالیاتی فنڈ کے توسیعی فنڈ سہولت (ای ایف ایف) پروگرام کے چھٹے جائزہ کی کامیابی کے بعد بین الاقوامی مالیاتی فنڈ سے 1.053 بلین ڈالر موصول ہوگئے ہیں۔

 دوسری جانب روپے کی قدر میں مسلسل اضافے کا رجحان برقرار ہے، پاکستانی روپے کے مقابلے میں آج امریکی ڈالر کی قدر میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے، انٹربینک میں ڈالر کی قیمت ایک روپے 4 پیسے کم ہوگئی، انٹربینک میں کاروبار کی بندش پر ڈالر کا بھاؤ 174.48 روپے ہے۔

اوپن مارکیٹ میں ڈالر کا بھاؤ 50 پیسے کم ہوکر 177 روپے ہے۔ جمعہ کو اسٹیٹ بینک کے ٹویٹ کے مطابق آئی ایم ایف پروگرام کے چھٹے جائزے کی کامیاب تکمیل کے بعد سٹیٹ بینک کو 1.053 بلین ڈالر کی اگلی قسط موصول ہوئی ہے۔

بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) نے بدھ کو پاکستان کیلئے ای ایف ایف پروگرام کی چھٹی قسط کی منظوری دی تھی۔ پاکستانی حکام اور آئی ایم ایف کے عملے نے ای ایف ایف کے تحت چھٹے جائزے کو مکمل کرنے کیلئے درکار پالیسیوں اور اصلاحات کیلئے اسٹاف کی سطح پر ایک معاہدہ کیا تھا، تاہم یہ معاہدہ ایگزیکٹو بورڈ کی منظوری سے مشروط تھا۔

اہم خبریں سے مزید