مسلم لیگ ن کی نائب صدر اور سابق وزیراعظم میاں نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز نے بھی بھارتی لیجنڈری گلوکارہ لتا منگیشکر کے انتقال پر شدید دُکھ کا اظہار کیا ہے۔
مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر جاری کیے گئے پیغام میں مریم نواز نے لتا منگیشکر کے لیے دعائیہ القابات لکھے۔‘
مریم نواز نے کہا کہ ’آپ کی آواز، گانے اور وہ جذبات جو آپ نے پیدا کیے وہ کبھی نہیں مریں گے۔‘
اُنہوں نے گلوکارہ کے اہلخانہ سے اظہارِ تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ ’کوئی اور لتا کبھی نہیں ہوگی۔‘
واضح رہے کہ فنِ گلوکاری کے ذریعے بھارتی فلم نگری پر طویل عرصے راج کرنے والی بھارتی لیجنڈری گلوکارہ لتا منگیشکر گزشتہ روز انتقال کر گئیں۔
92 سالہ لتا منگیشکر گزشتہ ماہ کورونا وائرس کا شکار ہونے کے بعد سے ممبئی کے بریچ کینڈی اسپتال میں زیرِ علاج تھیں۔