کوئٹہ(خ ن)بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی حفظان صحت کے اصولوں کی خلاف ورزی پر اشیاء خوردونوش کے مراکز کے خلاف کارروائیاں بلا تعطل جاری ہیں ، کوئٹہ میں ایس او پیز کی خلاف ورزی و دکانوں کے باہر گوشت لٹکانے پر 2 میٹ شاپس کو سربمہر جبکہ 3 ہوٹلوں کو صفائی کے ناقص انتظامات و پکوان میں ناقص اجزاء کے استعمال اور ایک جوس کارنر کو بڑی مقدار میں باسی پھلوں کی اسٹوریج پر جرمانہ کیا گیا۔ سبی اجتماع گاہ میں غیر معیاری اور زائد المیعاد اشیاء کی فروخت کی اطلاع پر بی ایف اے زونل ٹیم نے مختلف کھانے پینے کے اسٹالز کا معائنہ کیا ، فوڈ سیفٹی ٹیم نے اسٹالز میں فروخت کی جانے والی اشیاء کا معیار و صفائی کے انتظامات چیک کئے ، اس دوران چند اسٹالز سے ممنوعہ چائنیز نمک اور زائد المیعاد کولڈڈرنکس و پیکٹ مصالحےبرآمد ہوئے جنہیں ضبط کرکے موقع پر تلف کردیا گیا۔ علاوہ ازیں بی ایف اے کی خصوصی موبائل فوڈ سیفٹی ٹیم نے گزشتہ روز بروری روڈ اور جوائنٹ روڈ میں قائم ملک شاپس کا معائنہ کیا ، 7 دکانوں سے دودھ کے نمونے لیکر موقع پر ٹیسٹ کئے گئے۔