شہرت کی بلندیوں کو چھونے والی کراچی کے پسماندہ علاقے لیاری کی گلوکارہ ایوا بی کا کہنا ہے کہ نقاب میرے ٹیلنٹ کی راہ کی رکاوٹ نہیں ہے۔
لیاری کے پسماندہ محلے میں پروان چڑھنے والی باصلاحیت ریپر ایوا بی ملک کی مقبول نوجوان ریپ اسٹار بن گئیں۔
ریپر ایوا بی نے اپنے فن سے دھوم مچادی اور ملک کی مقبول نوجوان ریپ اسٹار بن گئیں ہیں، ایوا بی ہمیشہ نقاب پہن کر اسٹیج پر پرفارم کرتی ہیں۔
ایوا بی کا کہنا ہے کہ میرا برقع میرے ٹیلنٹ کی راہ میں رکاوٹ نہیں ہے، بھائی نے کہا تھا اگر میں ریپ میوزک کرنا چاہتی ہوں تو نقاب پہننا ہوگا۔
بلوچ قبیلے سے تعلق رکھنے والی گلوکارہ ایوا بی مسلسل نقاب کرتی ہیں، یہ کہنا غلط نہ ہوگا کہ ان کی کوئی پرفارمنس نقاب کے بغیر نہیں ہے، جبکہ بطور گلوکار و موسیقار نقاب ایوا بی کی شناخت اور شخصیت کا حصہ بن گیا۔
ایوا بی نے کوک اسٹوڈیو میں بھی اپنے فن کا مظاہرہ کیا تھا اور ان کا گیت 90 لاکھ سے زائد بار دیکھا گیا۔
لیاری سے تعلق رکھنے والی ایوا بی کا کہنا ہے کہ لیاری صرف غنڈہ گردی سے نہیں، فٹبالرز، فنکاروں اور موسیقاروں کے لیے بھی مشہور ہے، "افسوس ہے کہ تشدد ہماری پہچان بن گیا تھا"۔