• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جرمنی میں پاکستانی اسٹوڈنٹس ہمارا اثاثہ اور پاکستان کا اصل چہرہ ہیں، سفیر پاکستان

جرمن دارالحکومت برلن میں تعینات پاکستان کے سفیر ڈاکٹر محمد فیصل کا کہنا ہے کہ جرمنی میں پاکستانی اسٹوڈنٹس ہمارا اثاثہ اور پاکستان کا اصل چہرہ ہیں، یہاں پاکستانی طالب علم پاکستان کا مثبت تشخص اُجاگر کرنے میں سنگ میل کا کردار ادا کرسکتے ہیں۔

پاکستانی سفیر ڈاکٹر محمد فیصل نے پاکستان اسٹوڈنٹ ایسوسی ایشن (پی ایس اے) جرمنی کے نمائندگان سے آن لائن خطاب کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا۔

اس آن لائن سیشن کا انعقاد پاکستان اسٹوڈنٹ ایسوسی ایشن بورڈ (پی ایس اے بی) کے باقاعدہ اور باضابطہ افتتاح کی غرض سے کیا گیا۔

پی ایس اے بی جرمنی میں موجود قریباً 32 پاکستانی طلبہ تنظیموں کا احاطہ کرتی ہے اور جرمنی میں اپنی نوعیت کی پہلی پاکستانی طلبہ کی تنظیم ہے۔

جرمنی میں پاکستانی طلبہ کی متحد تنظیم کا قیام

پاکستانی سفیر نے شرکاء کو خوش آمدید کہتے ہوئے بتایا کہ طلبہ تنظیموں کا اتحاد ایک عرصہ سے وقوع پزیر ہونے کا منتظر تھا۔

سفارتخانہ پاکستان کی پریس ریلیز کے مطابق اس اقدام کا مقصد طلبہ کے لیے ایک یکجہ پلیٹ فارم مہیا کرنا ہے جو تمام پاکستانی طلبہ کے مختلف سوالات اور ضروریات کا حل مہیا کرے۔

پاکستانی سفیر نے طلبہ پر زور دیا کہ قیام پاکستان میں طلبہ نے ایک بھرپور قوت کا کردار ادا کیا اور قاٸد اعظم محمد علی جناح ان کے کردار کے معترف تھے۔

سفیر پاکستان کا مزید کہنا تھا کہ طلبہ پاکستان کا مثبت تشخص اُجاگر کرنے میں اہم کردار کے حامل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ میونخ میں جلد کھلنے والا پاکستانی قونصل خانہ درحقیقت میونخ اور گردونواح میں بسنے والے پاکستانیوں، خصوصاً طلبہ، کی ضروریات کے ادراک اور مسائل کے سدِباب کے لیے کی گئی کاوش ہے۔

پی ایس اے بی کے صدر ولید چوہدری نے اس اقدام پر سفیر پاکستان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ تنظیم سازی پاکستانی طلبہ کے لیے جرمنی میں تعلیم اور روزگار کے حصول میں مددگار ثابت ہوگی۔

آخر میں سفیر پاکستان نے شرکاء کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ وہ پاکستان کا مثبت تشخص اُجاگر کرنے میں آگاہی اور سرگرمیوں کا حصہ بنیں۔

انہوں نے اپنے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ پاکستانی طلبہ کی مدد اور بالخصوص ان سے متعلق بارآور کاوشوں کو مشن کے طور پر بروئے کار لاتے رہیں گے۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید