خضدار(خ ن)خضدار میں ناقص و ملاوٹی دودھ اور دہی کی فروخت پر بلوچستان فوڈ اتھارٹی نے کارروائی کرتے ہوئے 4 ملک شاپس پر جرمانے عائد کردئیے۔ بی ایف اے کی زونل ٹیم نے عوامی شکایات پر مذکورہ ملک شاپس میں فروخت دودھ و دہی میں استعمال کئے جانے والے دودھ کے نمونے لیکر موقع پر ٹیسٹ کئے تو علی رضا ملک شاپ ، رشید ملک شاپ ، آسام ملک شاپ اور ماشاء اللہ ملک شاپ سے حاصل کردہ نمونہ جات میں ملاوٹ پائی گئی ، مذکورہ ملک شاپس میں صفائی کی صورتحال اور اسٹوریج کا نظام بھی ابتر تھا ، زونل فوڈ سیفٹی ٹیم نے کارروائی کے دوران سیکڑوں لیٹر دودھ ضبط کر کے موقع پر تلف کردیا جبکہ دکانداروں کو آئندہ پانچ روز میں صفائی کے انتظامات ترجیحی بنیادوں پر بہتر کرنے اور دودھ میں کسی بھی قسم کی ملاوٹ سے باز رہنے کی ہدایت کی۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز شہریوں کی جانب سے خضدار شہر میں ملاوٹی و مضر صحت دودھ و دہی کی فروخت اور اس سے لوگوں کے بیمار ہونے سے متعلق بلوچستان فوڈ اتھارٹی کو اطلاع دی تھی جس پر فوری رسپانس دیتے ہوئے بی ایف اے کی زونل فوڈ سیفٹی ٹیم نے ملاوٹی دودھ کی فروخت میں ملوث دکانداروں کے خلاف ایکشن لیا۔