• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شاہ رخ خان بالی ووڈ میں آریان کا ٹیلنٹ آزمائیں گے

شاہ رخ خان کے جلد بیٹے آریان کی مدد سے کچھ منفرد فلمیں بنانے کا امکان
شاہ رخ خان کے جلد بیٹے آریان کی مدد سے کچھ منفرد فلمیں بنانے کا امکان

بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان کے بارے میں بھارتی میڈیا پر یہ خبریں گردش کررہی ہیں کہ ممکن ہے کہ اداکار جلد اپنے ہونہار بیٹے آریان خان کی مدد سے بالی ووڈ کے لیےکچھ منفرد فلمیں بنائیں۔

شاہ رخ خان جوکہ فلموں سے دور رہ کر بھی کسی نہ کسی وجہ سے ہمیشہ خبروں میں رہتے ہیں۔

اس بار وہ اپنے بیٹے آریان خان کی تخلیقی صلاحیتوں کی وجہ سے بھارتی میڈیا کی توجہ کا مرکز بنے ہیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق، شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان کو اسکرین پر نظر آنے میں کوئی دلچسپی نہیں ہے اور وہ اپنی تخلیقی صلاحیتوں کو کیمرے کے پیچھے رہ کر ہی دنیا کو دکھانا چاہتے ہیں۔

ذرائع کے مطابق، آریان خان جلد ہی بطور مصنف ڈیجیٹل ورلڈ میں قدم رکھنے کے لیے تیار ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ آریان ایک او ٹی ٹی پلیٹ فارم کے ساتھ  ویب سیریز لکھنے کے لیے بات چیت کر رہے ہیں اور ایک فیچر فلم پر بھی کام کر رہے ہیں، جسے ان کے والد کے پروڈکشن ہاؤس  ریڈ چلی انٹرٹینمنٹ کے بینر تلے تیار کیا جائےگا۔

رپورٹس میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ آریان خان زیادہ تر ہالی ووڈ کی فلمیں دیکھتے ہیں اور پھر ان فلموں کو جو منفرد آئیڈیاز ان کے ذہن میں آتے ہیں، ان پر وہ اپنے والد سے بیٹھ کر تفصیلی گفتگو کرتے ہیں، اس کے علاوہ آریان کی انٹرنیشنل سینما سے بھی وابستگی ہے۔

آریان خان اپنے والد سے ان فلموں پر گفتگو کرتے ہیں جن کا بالی ووڈ کے لیے ریمیک بنانا ممکن ہو اور کاپی رائٹس خریدے جاسکتے ہوں۔

ذرائع نے یہ بھی بتایا ہے کہ شاہ رخ خان نے اپنی نئی آنے والی فلم’پٹھان‘ میں اپنے کچھ ایکشن سے بھرپور مناظر کے لیے بھی بیٹے آریان کی رائے لی ہے۔

حال ہی میں شاہ رخ خان کی غیر موجودگی میں آریان خان کو چھوٹی بہن سہانا خان کے ساتھ  آئی پی ایل نیلامی کی میز پربھی دیکھا گیا تھا تو یہ بات تو واضح ہے کہ آریان خان والد کی غیر موجودگی میں اُن کی نمائندگی کرنے کے لیے تیار ہیں۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید