ابوظبی (جنگ نیوز ) متحدہ عرب امارات نے حوثی باغیوں کے حملوں کے بعد ملکی دفاع کو مضبوط بنانے کے لیے چین سے ایک درجن ایل-15 طیارے خریدنے کا فیصلہ کیا ہے۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق متحدہ عرب امارات نے حوثی باغیوں کے حملوں کے بعد اپنے دفاعی پالیسی کو تبدیل کیا ہے اور جدید اسلحہ و جنگی ساز و سامان خرید رہا ہے۔ اسی تناظر میں فوری طور پر چین سے 12 ایل-15 طیارے خریدنے کا فیصلہ کیا ہے۔ایک درجن ایل-15 طیاروں کی کھیپ موصول ہونے کے بعد متحدہ عرب امارات چین سے مزید 36جنگی جیٹ طیارے بھی خریدنے کا منصوبہ رکھتا ہے۔اس حوالے سے متحدہ عرب امارات کی وزارت دفاع نے کہا کہ وہ چائنا نیشنل ایرو ٹیکنالوجی امپورٹ اینڈ ایکسپورٹ کارپوریشن کے ساتھ ایل-15طیارے خریدنے اور اس کی تربیت حاصل کرنے کے لیے ایک معاہدے پر دستخط کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔متحدہ عرب امارات کے وزارت دفاع کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ طیاروں کی خرداری تیل سے مالا مال خلیجی ریاست کی ہتھیاروں کے سپلائرز کو متنوع بنانے کی کوششوں کا حصہ ہے۔