• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عدنان صدیقی کی بطور پروڈیوسر فلم ’دم مستم‘ کی تعارفی تقریب میں فنکاروں کا میلہ

بطور پرڈیوسر اداکار عدنان صدیقی نے سیریل انٹرٹینمنٹ کے تحت اپنی پہلی پروڈکشن ’دم مستم‘ کی تعارفی تقریب کا اہتمام مقامی ہوٹل میں کیا تو فنکاروں کا میلہ دیکھنے میں آیا، ڈراما اور فلم انڈسٹری کے ستارے اپنے ساتھی فنکار کو سپورٹ کرنے چلے آئے۔

فلم میں مشہور و معروف اور وراسٹائل اداکار عمران اشرف اور انتہائی باصلاحیت امر خان کو پہلی بار سلور اسکرین پر متعارف کروایا گیا ہے۔

گزشتہ سال اسٹائل ایوارڈز کے موقع پر فلم کی کاسٹ نے خصوصی پرفارمنس پیش کرکے دھوم مچادی تھی، جس کی وجہ سے لوگ اس فلم کی ریلیز کے شدت سے منتظر نظر آئے۔

کراچی میں منعقدہ تعارفی تقریب بے شمار ستاروں سے سجی ہوئی تھی، اس موقع پر عمران اشرف، امر خان، محمد احتشام الدین، اختر حسنین، ہمایوں سعید، اشنا شاہ، عروہ حسین، بلال اشرف، ندیم بیگ، وسیم بادامی، واسع چوہدری، سونیاحسین، صنم سعید، مُحب مرزا سمیت پاکستان کی تفریحی صنعت کے بے شمار جگمگاتے ستارے بھی موجود تھے۔

پروگرام کی میزبانی کے فرائض خُوب صورت باصلاحیت فنکارہ صنم جنگ انجام دے رہی تھیں، تقریب میں شوبز ستاروں اور میڈیا سے تعلق رکھنے والوں کی بڑی تعداد موجود تھی، حاضرین کی زبردست تالیوں کی گونج میں فلم کا ٹریلر پیش کیا گیا۔

خُوب صورت اور باصلاحیت اسٹار کاسٹ سے لے کر شان دار اداکاری، غیر معمولی موسیقی، جان دار ڈائریکشن اور محبت، ہنسی، موسیقی، جذبات اور تنازعات کے بہترین امتزاج پر مشتمل اس فلم کے ٹریلر کو حاضرین نے بہت پسند کیا، جس میں فلم کے اہم کرداروں کو دکھایا گیا۔

امر خان، عالیہ کا کردار جب کہ عمران اشرف باؤ کا کردار ادا کررہے ہیں، جو بچپن ہی سے میوزک انڈسٹری میں بڑا مقام حاصل کرنے کا خواب دیکھتے ہیں۔

ٹریلر کی دیگر جھلکیوں میں ہمیں سہیل احمد بھرپور کردار ادا کرتے نظر آئے جبکہ فلم کا غیر معمولی میوزک، لوکیشنز اور زندگی سے بھرپور سیٹس فلم کی معیاری پروڈکشن کو ظاہر کر رہے ہیں۔

اس موقع پر بات کرتے ہوئے فلم کی ہیروئن اور مصنفہ امر خان نے کہا’دو سال تک لکھنے‘ مزید دو سال تک صحیح وسائل کے حصول اور پھر اگلے مزید دو سال لاک ڈاؤن کا سلسلہ، مجھے ایسا لگنے لگا تھا کہ میری یہ پہلی فلم منظر عام پر آنے میں 10 سال لے لے گی، لیکن الحمد اللہ یہ بدترین خدشہ درست ثابت نہیں ہوا اور ہم آج یہاں فلم کا ٹریلر پیش کرتے ہوئے اس کی ریلیز ڈیٹ متعین کرچکے ہیں۔

پروڈیوسر عدنان صدیقی نے اس موقع پر بات کرتے ہوئے کہا کہ اس فلم میں وہ تمام خوبیاں موجود ہیں، جو فلم بین دیکھنا چاہتے ہیں۔

فلم کے ڈائریکٹر احتشام الدین نے کہا کہ ’’دم مستم ‘‘ ایک پاکستانی فلم ہے، جو ہمارے کلچر کے بہت قریب تر ہے اور دیکھنے والوں ایک تفریح سے بھرپور فلم ملے گی۔

عمران اشرف نے اس موقع پر بات کرتے ہوئے کہا کہ انھیں ڈائریکٹر احتشام الدین اور کاسٹ کے دیگر افراد کے ساتھ کام کر کے بہت مزہ آیا۔

انھوں نے کہا کہ دم مستم اگر عید کے علاوہ بھی کسی دن ریلیز کی جائے تو بھی اسے عوام کی بھرپور پذیرائی ملے گی، کیونکہ یہ فلم بہت محنت سے بنائے گئی ہے اور یہ تفریح، مزاح اور خوب صورت موسیقی کا بہترین امتزاج ہے۔

اس فلم کو سیریل انٹرٹینمنٹ کے پلیٹ فارم سے عدنان صدیقی اور اختر حسنین نے پروڈیوس کیا ہے، جس کی ہدایت کاری سپر اسٹار، پرواز ہے جنوں اور صدقے تمہارے کے شہرت یافتہ ڈائریکٹر احتشام الدین نے کی ہے جبکہ فلم باصلاحیت امر خان نے تحریر کی ہے۔

فلم کی غیر معمولی موسیقی شیراز اپل، اذان سمیع خان، نبیل شوکت علی، شانی ارشد اور بلال سعید سمیت ہماری میوزک انڈسٹری کے بہترین لوگوں نے ترتیب دی ہے۔

یاد رہے کہ بلال سعید نے پہلی بار کسی پاکستانی فلم کے لیے نہ صرف موسیقی ترتیب دی ہے، بلکہ گانے بھی گائے ہیں۔

مرکزی کاسٹ کے علاوہ دم مستم میں انڈسٹری کے بڑے اداکار سہیل احمد، سلیم معراج، سیف حسن، عدنان شاہ ٹیپو، عدنان صدیقی، وجاہت رؤف، سی بی اے کے ارسلان نصیر اور مورو نے بھی خصوصی شرکت کی ہے۔

دم مستم کے ذریعے ورلڈ کپ میں ایک میم سے مشہور ہونے والے مومن ثاقب بھی پہلی بار سلور اسکرین پر جلوہ دکھارہے ہیں۔

اس فلم میں ناظرین اپنے پسندیدہ گلوکار راحت فتح علی خان کو پہلی بار اداکاری کرتے ہوئے دیکھیں گے، دم مستم رواں برس عید الفطر پر ریلیز کی جائے گی۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید