کراچی(اسٹاف رپورٹر)آسٹریلوی کرکٹ ٹیم 24سال کے طویل عرصے کے بعد اتوار کی صبح پاکستان کے دورے پر اسلام آباد پہنچ رہی ہے اور مہمان ٹیم کو غیر ملکی سربراہان مملکت کے مساوی سیکیورٹی فراہم کی جائے گی۔اپنی آمد کے چند گھنٹے بعد صبح دس بجے کپتان پیٹ کمنز ورچوئل پریس کانفرنس کریں گے۔آسٹریلیا کی ٹیم چارٹرڈ فلائٹ پر آرہی ہے۔پی سی بی حکام ایئرپورٹ پر آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کا استقبال کریں گے۔ آسٹریلوی ٹیم ہوٹل میں دو روز تک بائیو سیکیور ببل میں رہے گی، بائیو سیکیور ببل کے بعد آسٹریلوی ٹیم کے کورونا ٹیسٹ کیے جائیں گے۔کورونا ٹیسٹ منفی آنے کے بعد کھلاڑی پریکٹس شروع کریں گے، آسٹریلیا کی کرکٹ ٹیم 27فروری سے 6 اپریل تک پاکستان کا دورہ کررہی ہے۔آسٹریلیا کے میڈیا منیجر برائن مرگڈ رائیڈگذشتہ ہفتےاسلام آباد پہنچے تھے ان کی آئسولیشن ہفتے کی شام کو ختم ہوگئی۔ واضح رہے کہ پاک آسٹریلیا پہلا ٹیسٹ جمعے سے راولپنڈی میں کھیلا جائے گا۔پی سی بی کا کہنا ہے کہ اتوار کی صبح پاکستان کرکٹ ٹیم کا پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں ٹریننگ سیشن میں حصہ لے گی۔پیر کو آسٹریلیا کے بیٹرعثمان خواجہ اور منگل کو اسٹیو اسمتھ آن لائن پریس کانفرنس کریں گے اور پاکستانی ٹیم نیٹ پریکٹس کرے گی۔منگل کو کپتان بابراعظم اور آسٹریلیا کے کپتان پیٹ کمنز پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں ٹیسٹ سیریز کی ٹرافی کی رونمائی میں حصہ لیں گےاور دونوں ٹیمیں پریکٹس سیشن میں شرکت کریں گی۔