کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان کرکٹ ٹیم کے نئے بولنگ کوچ شان ٹیٹ والد کی آخری رسومات کی وجہ سے پنڈی ٹیسٹ میں ٹیم کو جوائن نہیں کرسکیں گے۔ پی سی بی کا کہنا ہے وہ ٹیم کو کب جوائن کریں گے اس بارے میں اعلان بعد میں کیا جائے گا۔ دوسری جانب پاکستان ٹیم کے تمام کھلاڑیوں نے ٹیم کو جوائن کر لیا ہے۔ سیریز کی ٹرافی کی رونمائی جمعرات کو ہوگی۔ پیر کو پی ایس ایل کھیلنے والی قومی ٹیسٹ اسکواڈ کے کھلاڑیوں نے ٹیم کو جوائن کرلیا۔ ان میں شاہین شاہ آفریدی، محمد رضوان، شان مسعود، حارث رئوف اور عبداللہ شفیق بھی شامل ہیں۔ اظہر علی اور نسیم شاہ آئسولیشن مکمل ہونے کے بعد پریکٹس کریں گے۔ قلندرز میں شامل آسٹریلوی کرکٹر فواد احمد بھی اسلام آباد پہنچ گئے ہیں۔ وہ آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کے ساتھ نیٹ بولر اور اسپن بولنگ ایکسپرٹ کے طور پر کام کریں گے۔ انکا کہنا ہے کہ پی ایس ایل ختم ہو چکی اب پاکستان آسٹریلیا سیریز کا وقت ہے۔ لاہور قلندرز کے ساتھ میرا بہت اچھا وقت گزرا ہے۔